• news

تو ہین عدالت کیس: عمران پر فرد جرم آج، اسلام آباد ہا ئیکورٹ میں پاس پر انٹری 


اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف خاتون جج کو دھمکیاں دینے کے حوالے سے توہین عدالت کے مقدمے میں آج فرد جرم عائد کی جائے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کی آج عدالت پیشی سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔ جاری سرکلر کے مطابق لارجر بنچ 22 ستمبر کو دن اڑھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا۔ کمرہ عدالت نمبر ایک میں انٹری رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گی، عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلا کمرہ، اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 15 لاء افسران، 3عدالتی معاونین، 15کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں موجودگی کی اجازت ہو گی۔ سرکلر میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے پانچ پانچ وکلا کو اجازت ہو گی، کمرہ عدالت میں آنے والوں کے اسلام آباد ہائی کورٹ کا رجسٹرار آفس پاس جاری کرے گا، کورٹ ڈیکورم کو برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس سکیورٹی انتظامات کرے۔ دوسری طرف ضمنی انتخابات میں سرکاری وسائل اور ہیلی کاپٹر کے استعمال پر عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پی کے محمود خان کیخلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کی نثار درانی کی سربراہی میں الیکشن کا 4 رکنی بنچ آج سماعت کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن