• news

پنجاب سے  کو ئی افسر ہماری اجازت کے بغیر واپس نہیں جا ئے گا : پرویز الہی 


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی  کی زیرصدارت  پولیس کانفرنس ہوئی۔ پولیس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب سے کوئی افسر ہماری اجازت کے بغیر غیر قانونی طورپر واپس نہیں جائے گا۔ آئینی اور قانونی طورپر پنجاب حکومت مفاد عامہ کے تحت افسروں کو روک سکتی ہے۔ جی او آر میں افسروں کے لئے رہائشی سہولتوں میں اضافہ کریں گے۔ جی او آر کے بڑے گھروں اور کوٹھیوں کا رقبہ کم کرکے اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ جی او آر میں کئی کوٹھیاں 8،8 کنال رقبے پر مشتمل ہیں۔ 8،8 کنال پر مشتمل گھروں کی جگہ جدید طرز پر اپارٹمنٹس کی تعمیر سے متعدد افسروں کی رہائشی ضرورت پوری ہوسکے گی۔ پنجاب میں 150پولیس پٹرولنگ پوسٹیں بنائیں گے۔ کچے کے علاقے میں سپیشل فورس کو تنخواہ کا خصوصی پیکیج دیں گے۔ کچے کے علاقے میں بنکر قائم کیے جائیں گے۔  بلٹ پروف گاڑیاں اور آرمڈ، بلٹ پروف جیکٹس اور ٹریکر والی خصوصی گاڑیاں فراہم کریں گے۔ ہماری طرف سے پولیس کو سپورٹ اور ٹھنڈی ہوا آئے گی، ٹھنڈی ہوا نیچے عوام تک جانی چاہیے۔ عام آدمی کو تھانے میں فوری انصاف ملنا چاہیے۔ پولیس کا فرض ہے کہ وہ تھانے آنے والے ہر سائل کی بلاتفریق دادرسی کرے۔ جب عام آدمی کا رویہ پولیس کے بارے میں بدلے گا تب ہی تھانہ کلچر بھی تبدیل ہوگا۔ ایف آئی آر اور دادرسی کیلئے عوام کو بار بار تھانے جانے کی ضرورت پیش نہیں آنی چاہیے۔ ایف آئی آر قانون کے مطابق مضبوط ہونی چاہیے۔ پولیس کیلئے گاڑیاں دے رہے ہیں۔ پولیس کا فرض ہے کہ وہ سائل کی خدمت کرے اور سائل کو اب تھانے میں واضح فرق نظر آنا چاہیے۔ کچے کے علاقے کیلئے آرمی کے ریٹائرڈ کمانڈوز پر مشتمل فورس قائم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ محرم الحرم کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے بہترین کارکردگی پر پولیس افسروں اورملازمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انتظامات کی میں نے خود مانیٹرنگ کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی حیثیت سے ہمیشہ افسروں اور ملازمین سے نرم رویہ اختیار رکھا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے جرائم پیشہ عناصر اور گینگز کے خلاف موثر کارروائی پر رحیم یار خان اور راجن پورکے ڈی پی اوز کو شاباش دی۔ اے آئی جی ساؤتھ پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور ڈلیور کر کے دکھائیں گے۔ سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے پولیس کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ پرویز الٰہی سے ایئر آفیسر کمانڈنگ، سنٹرل ایئر کمانڈ، پاکستان ایئر فورس، ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کاموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ  نے سیلاب زدگان کی مدد و بحالی کیلئے ائیرفورس کی گراں قدر خدمات پر ائیر وائس مارشل ظفر اسلم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے اکرم پارک بند روڈ پر کھلے مین ہول میں گر کر بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ عالمی یوم امن پر پیغام میں چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی امن کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ہمیشہ حقیقی اور دیرپا فتح امن کی ہوتی ہے جنگ کی نہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن