• news

الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر کابلوچستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ


لاہور(خصوصی نامہ نگار)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر محمد عبدالشکور نے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ ضلع جعفرآباد میں قائم الخدمت خیمہ بستی کا دورہ کیا۔ محمد عبدالشکور نے خیمہ بستی میں مقیم متاثرین کی ضروریات اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ کیمپ انچارج امین بگٹی نے مرکزی صدر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس خیمہ بستی میں 250 خیمے لگائے گئے ہیں جہاں سیلاب متاثرین کیلئے پکے پکائے کھانے، پینے کے صاف پانی، طبی سہولیات اور خیمہ سکول کا اہتمام کیا گیا ہے،جبکہ میڈیکل کیمپ سے دیگر سیلاب متاثرین بھی مستفید ہو رہے ہیں۔کیمپ میں  قائم الخدمت کچن میں روزانہ 5 ہزار متاثرین کیلیے کھانا تیار ہوتا ہے۔ اس کھانے اور الخدمت کے 4 بڑے واٹر ٹینکرزسے سڑک کنارے موجود دیگر متاثرین بھی مستفید ہوتے ہیں۔محمد عبدالشکور نے کہا کہ اس وقت سیلاب متاثرین شدید مشکلات کا شکار ہیں اور ہماری خصوصی توجہ اور مدد کے منتظر ہیں۔ ریسکیو کے مرحلے کے بعد اب سیلاب متاثرہ علاقوں میں خیمہ بستیاں قائم کی گئی ہیں جہاں متاثرین کیلئے پکے پکائے کھانے، صاف پانی، میڈیکل کیمپس، خیمہ سکول کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹس اور الخدمت کچن سروس کے ذریعے سیلاب متاثرین کو پینے کا صاف پانی اور پکاپکایا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان میں سیلابی پانی میں سانپوں، ڈینگی اور ملیریا کے بڑھتے خطرات کے پیشِ نظر سانپ کے کاٹے کی ویکسین، مچھر دانیوں کی فراہمی اور مچھر مار اسپرے بھی باقاعدگی کے ساتھ کیا جارہا ہے۔انچارج مرکزی میڈیا ریلیشنزڈیپارٹمنٹ شعیب ہاشمی، صدر الخدمت جعفرآباد عرفان ابڑو اوردیگرمقامی ذمہ داران بھی موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن