سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمشن نے ڈیجیٹل ابتدائی پبلک آفرنگ سسٹم متعارف کرا دیا
اسلام آباد(کامرس ڈیسک)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ساتھ مل کر ڈیجیٹل ابتدائی پبلک آفرنگ سسٹم متعارف کرا دیا۔ ای آئی پی اوز کے ذریعے 5,835 نئے سرمایہ کار کیپٹل مارکیٹ میں داخل، پرائیڈکے عنوان سے آن لائن سسٹم تیار، نیا نظام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو براہ راست آئی پی اوز میں حصہ لینے اور سرمایہ کاری کرنے میں مدد دے گا۔ رپورٹ کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمشن آف پاکستان نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ساتھ مل کر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کیلئے ڈیجیٹل ابتدائی پبلک آفرنگ ای آئی پی اوسسٹم متعارف کرایا ہے۔ نیا نظام ان سرمایہ کاروں کیلئے شروع کیا گیا ہے جو ابتدائی عوامی پیشکش روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے حاملین اور کارپوریشنز میں حصہ لیتے ہیں۔
سسٹم کے تحت آئی پی او کی رسائی کو بڑھانے کیلئے سکیورٹیز کیلئے سبسکرپشن کے عمل کو خودکار بنایا گیا ہے۔ ای آئی پی او سسٹم انفرادی سرمایہ کاروں، کارپوریٹ سرمایہ کاروں اور روشن ڈیجیٹل اکاونٹ ہولڈرز کو درخواستیں جمع کرنے اور سبسکرپشن فیس الیکٹرانک طریقے سے ادا کرنے کے قابل بناتا ہے۔ بروکرز اور بینکوں کو بھی اجازت ہے کہ وہ اپنے کلائنٹس کی جانب سے آئی پی او کیلئے درخواستیں جمع کرائیں اور سبسکرپشن کی رقم ادا کریں۔ ای آئی پی او کو 80 سے 85 فیصد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔