• news

سعودی عرب مسلمانوں کی محبت، عقیدت کا مرکز، قومی دن پر مبارک: پیر نقیب، پیر حسان 

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) ممتاز روحانی پیشوا اور سجادہ نشین دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف پیر محمد نقیب الرحمن و پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے سعودی عرب کے آنے والے قومی دن کے موقع پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سعودی عرب مسلمانوں کی محبت اور عقیدت کا مرکز ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب تاریخی، مذہبی اور روحانی رشتوں میں منسلک ہیں۔ سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے ہر مشکل اور آزمائش میں پاکستان کی بھر پور مدد کی۔ سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور سالمیت ہمیں دل و جان سے عزیز ہے اور اس کیلئے ہم ہر قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین  سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، شاہی خاندان اور سعودی شہریوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو مسلم دنیا میں ایک مرکزی حیثیت اور خاص مقام حاصل ہے۔ سعودی حکومت نے ہمیشہ سے ہی امت مسلمہ کی ترقی، اتحاد و یگانگت اور یکجہتی کیلئے اہم کردار ادا کیا بالخصوص مسجد نبوی  کی توسیع، خانہ کعبہ کی کشادگی، حرمین شریفین کی آرائش وزیبائش، لاکھوں زائرین عمرہ و حج کیلئے رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولتوں کی فراہمی  سعودی حکومت اور متعلقہ اداروں کی اعلیٰ کارکردگی کا مثالی نمونہ ہے۔ پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ  آج سیلاب کی صورت میں پاکستان کو جو آفت درپیش ہے اس میں شاہ سلمان ریلیف سنٹر کے دو جہاز خوراک، ادویات، خیمے، کمبل اور دیگر روزمرہ ضروریات زندگی کی چیزیں لے کر پاکستان پہنچ گئے ہیں، اس فراخدلانہ امداد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ہم اس پر سعودی حکومت کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی اس سیلاب سے متاثرہ صوبہ سندھ کے علاقوں کا دورہ کرنے والے برادر ممالک کے پہلے سفیر ہیں۔ جس طرح انہوں نے فوراً سعودی عرب جا کر سیلاب زدگان کی امداد کے لئے جو اقدامات کئے وہ نہایت قابل ستائش ہیں۔ اس عمل نے پاکستانی عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی سفیر، ویزا قونصلر کی طرف سے ویزا کے حصول میں پاکستانی عازمین عمرہ وحج سے ممکنہ تعاون انتہائی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے سعودی قیادت اور عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کی۔
پیر نقیب، پیر حسان 

ای پیپر-دی نیشن