• news

قومی کے ساتھ دوسری زبانوں پر عبور حاصل کرنا ضروری ہے: عارف علوی 

اسلام آباد؍ راولپنڈی؍ ہارون آباد (خبر نگار خصوصی+ این این آئی+ نامہ نگار) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علوم کے فروغ اور نوجوانوں کو جدید تعلیم اور سائنسی علوم سکھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں نہ صرف ملک کو ترقی یافتہ بنانے میں مدد ملے گی بلکہ تعلیم کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی، ترقی یافتہ قومیں اپنی زبان پر فخر کرتی ہیں، پاکستان کے آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اپنی زبان کو مستحکم رکھنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں انگریزی زبان کے حوالے سے تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام یونیورسٹی نے امریکی سفارتخانے کے اشتراک سے کیا تھا۔ انگریزی زبان میں ابھرتے ہوئے رجحان سے متعلق کانفرنس میں پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم، ملکی اور غیر ملکی ماہرین تعلیم اور یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ترقی یافتہ قومیں اپنی زبان پر فخر کرتی ہیں، انگریزی زبان کی ایک عالمی حیثیت ہے مگر اردو ہماری قومی زبان ہے، بعض زبانوں کے ختم ہونے کا خطرہ ہے جنہیں معدوم ہونے سے بچانے کے لئے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے زبان اور مواصلات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا کہ اپنی قومی زبان کے علاوہ دوسری زبانوں پر بھی عبور حاصل کرنا ضروری ہے۔ ہارون آباد سے نامہ نگار کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان مسلم لیگ(ضیائ) کے سربراہ سابق وفاقی وزیر محمد اعجازالحق نے ملاقات کی، ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال اور سیلاب سمیت دیگر امور پرتفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنمائوں نے متاثرین سیلاب کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ سیلاب سے بہت زیادہ تباہی ونقصان ہوا، لوگوں کو متاثرین کی بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینا چاہئے۔ محمد اعجازالحق نے کہاکہ صدر مملکت ملک میں محاذآرائی کے خاتمے اور سیاسی استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
صدر علوی 

ای پیپر-دی نیشن