• news

سرائے مغل‘ ننکانہ‘ گوجرانوالہ: بجلی بلوں پر ٹیکسز کیخلاف احتجاج‘ زراعت کا علامتی جنازہ 

سرائے مغل+ ننکانہ صاحب+ گوجرانوالہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) کسان بورڈ پاکستان کی کال پر احتجاجی تحریک کے دوسرے دن سرائے مغل کے کسانوں نے زراعت کا علامتی جنازہ نکالا اور کسان بورڈ کے رہنما چوہدری رحمت اللہ منہیس اور چوہدری ممتاز کی قیادت میں نعرے بازی کرتے پریس کلب کے باہر آگئے اور زبردست نعرے بازی شروع کر دی ۔ کسان بورڈ سرائے مغل کے رہنمائوں چوہدری رحمت اللہ منہیس، چوہدری ممتاز کمبوہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے کہا کہ کسان بورڈ پاکستان نے بجلی کے بھاری بلوں، اور زرعی مداخل کی ہوش ربا مہنگائی کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کسان دشمن پالیسیوں کے خلاف جو تحریک شروع کی ہے وہ کسانوں کے دل کی آواز ہے۔ کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کسان بورڈ کے سیکرٹری اطلاعات حاجی محمد رمضان نے مزید کہاکہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 22ستمبر کو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ جس میں ملک گیر ٹریکٹر مارچ ، شاہراہوں اور موٹروے کی بندش اور صوبائی و قومی اسمبلی کے گھیراؤ اور دھرنا پر غور ہو گا۔ اس موقع پر سرائے مغل کے کسانوں نے اپنے مطالبات منوانے کیلئے کسان بورڈ پاکستان کی احتجاجی تحریک کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق جماعت اسلامی کسان بورڈ ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام بجلی کے اضافی بلوں، طویل لوڈ شیڈنگ، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور کھاد کی عدم دستیابی کے خلاف کسانوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، بجلی کے بل نذر آتش کیے۔ جماعت اسلامی کسان بورڈ ننکانہ صاحب کے صدر ڈاکٹر راشد فاروق کی زیر قیادت کسانوں نے حرا چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری کسان بورڈ حبیب شاہ ، سینئر نائب صدر رانا یعقوب طیب اور ملک طارق وسیر سمیت دیگر کسانوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں اضافی اور تمام ٹیکس فوری طور پر ختم کیے جائیں زرعی مقاصد کے لئے بجلی کاریٹ 5:35روپے بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی قیمت سندھ کے برابر4ہزار روپے من اور گنے کی قیمت 400روپے مقرر کی جائے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی  کے مطابق بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز کیخلاف شہریوں نے اعوان چوک کے قریب جی ٹی روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا ، سراپا احتجاج مرد ،خواتین اور بچوں نے نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں اس ماہ بھی اضافی ٹیکسز نے انکے ہوش اڑ ا دئیے ہیں۔ گزشتہ ماہ فیول ایڈجسٹمنٹ سمیت جتنے ٹیکسز معاف کیے وہ پھر لگا کر بھجوائے گئے۔ حکومت بجلی صارفین کو صرف لالی پاپ دے رہی ہے کوئی ٹیکس چھوٹ نہیں ملی، رواں ماہ بھی ہزاروں کے بجلی کے بل انکے ہاتھوں میں تھما دئیے گئے ہیں۔
بجلی‘ ٹیکس احتجاج

ای پیپر-دی نیشن