انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست‘ پاکستان نے ہار کا بدلہ لے لیا، سیریز برابر
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کا 200 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرلیا۔ پاکستان نے بابر اعظم اور رضوان کی شاندار اننگز کی بدولت 200 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کرکے انگلینڈ کے خلاف 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ بابر اعظم 110 اور رضوان 88 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔ پاکستان کیخلاف انگلینڈ کا آغاز اچھا رہا، دنوں اوپنرز کے درمیان 42 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر ایلکس ہیلز 21 گیندوں پر 26 رنز بناکر دھانی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ انگلینڈ کو دوسرا نقصان 42 کے مجموعی سکور پر ہی اٹھانا پڑا، ڈیوڈ ملان پہلی ہی گیند پر دھانی کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔ پاکستان کو تیسری کامیابی فل سالٹ کی صورت میں ملی، وہ 27 گیندوں پر 30 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ اس کے علاوہ بین ڈکٹ 43 اور ہیری بروک 31 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ تاہم اختتامی اوورز میں کپتان معین علی نے جارحانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کا سکور مقررہ 20 اوورز میں 199 تک پہنچایا، وہ 23 گیندوں پر 55 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حسنین سب سے مہنگے بولرز ثابت ہوئے، انہوں نے4 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 51 رنز دیئے۔ بابر اعظم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔