اس مرتبہ تیاری کیساتھ آئیں گے ، رانا ثنا کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی : عمران
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے/ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ کے انتباہ کے بعد کہا ہے کہ میرا وعدہ ہے تم اسلام آباد میں چھپ نہیں سکو گے۔ رانا ثناء اللہ اپنی فکر کرو اب ہم تیاری کے ساتھ آئیں گے۔ پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کی تنظیم اور عہدے داروں کو مبارکباد دیتا ہوں، آزادی کبھی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی، قربانیاں دینی اور جہاد کرنا پڑتا ہے، نظام پر قبضہ کرنے والے اس نظام سے اربوں، کھربوں پتی بن چکے ہیں، یہ لوگ ہمیں آرام سے آزادی نہیں دیں گے، تحریک پاکستان کے بعد حقیقی آزادی کی تحریک سب سے بڑی تحریک ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا خوف کے بت کے سامنے جھکنا میری نظر میں شرک ہے، آزاد انسان ہوں کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا، انسان جب ایمان لے آتا ہے تو اللہ اس کے خوف کے بت کو توڑ دیتا ہے، جو اپنے خوف پر قابو نہ پائے وہ کبھی بڑا آدمی نہیں بن سکتا، مرنے کا خوف، ذلیل اور رزق جانے کے تین بڑے خوف ہے، تینوں خوف انسان کو بزدل بنا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ یوتھ ونگ، آئی ایس ایف کو پوری طرح آزماؤں گا، فارن پالیسی کو آزاد بنانا چاہتا ہوں تاکہ کسی اور ملک کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکنے پڑیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانی شہید ہوئے، شریف، زرداری خاندان نے ڈرون حملوں کی اجازت دی تھی، روس سے ہم 5 ماہ پہلے گندم، گیس لینے کی بات کر چکے تھے، یہ آج بات کر رہے ہیں، یہ اپنے آقاؤں کی وجہ سے ڈر رہے تھے، پاکستان میں پچاس سال میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا اسلام آباد کی تنظیم کو کل ہفتے والے دن چیک کروں گا کس تعداد میں آپ لوگ باہر نکلیں گے، گھر، گھر جاکر حقیقی آزادی کی تحریک کا پیغام پہنچانا ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن کیسز میں ملوث خود ہی اپنے کیسز معاف کرا رہے ہیں، ملک میں مہنگائی 45 فیصد تک پہنچ گئی ہے، بجلی کے بم گرائے جا رہے ہیں، اس حکومت کا اقتدار میں آنے کا مقصد اپنی چوری بچانا ہے، یہ اپنے بیرونی آقاؤں کے مطابق پاکستان کو چلا رہے ہیں، کل ہفتے والے دن تاریخی احتجاج ہو گا، ہفتے والے دن پورا زور لگانا ہے، ہفتے والے دن فیصلہ کروں گا کس دن کال دینی ہے، فیصلہ تب کروں گا جب سمجھوں گا میرے ٹائیگر تیار ہیں۔ دریں اثناء اسلام آباد ہائی کورٹ میں خاتون جج کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں مافیاؤں کے خلاف حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہا ہوں اور مجھے جس سے جنگ نہیں لڑنی‘ وہ پاکستان کی عدلیہ ہے۔ قبل ازیں کیس کی سماعت کے دوران عمران خان نے عدالت کو بتایا تھا کہ میری 26 سال کی کوشش رول آف لاء کی ہے۔ میرے سوا جلسوں میں رول آف لاء کی کوئی بات نہیں کرتا۔ سماعت سے قبل عدالت پہنچنے پر ایک صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کہ کیا آپ عدالت سے معافی مانگیں گے‘ جس پر عمران خان نے کہا دیکھیں گے۔ ایک صحافی نے دوبارہ پوچھا کہ کیا آپ مشروط یا غیر مشروط معافی مانگیں گے‘ تو عمران خان نے جواب دیا کہ آپ کو پتا چل جائے گا۔ صحافی نے عمران خان سے یہ بھی پوچھا کہ آپ کی عدالتوں سے جان کب چھوٹے گی؟ تو عمران خان کا کہنا تھا کہ ابھی تو نہیں چھوٹنے لگی۔ بعدازاں عمران خان نے جناح کنونشن سینٹر میں تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے تنظیمی عہدیداروں کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہفتے کو ہمارا احتجاج ہے، میں رحیم یار خان میں جلسہ کروں گا اور پورے ملک میں احتجاج ہو گا، ہفتے کو ہونے والا احتجاج تاریخی نوعیت کا ہو گا۔ سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ اسلام آباد نے ہمیشہ حقیقی آزادی کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ ریجنل صدر اسلام آباد علی نواز اعوان سمیت تقریب سے سابق رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز نے بھی خطاب کیا۔