مشکل گھڑی ، امداد کی ضروریات ، دنیا ساتھ دے ، پاکستان اکیلے نقصان پورا نہیں کرسکتا ، وزیراعظم
نیویارک+ اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو سعودی عرب کے ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے مملکت سعودی عرب کے 92ویں قومی دن کے موقع پرحرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہدمحمد بن سلمان اور سعودی عرب کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔ سعودی عرب کے برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین اور شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کے لیے ایئر بریج کے قیام، اور پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے عام لوگوں سے عطیات وصول کرنے کے لیے مملکت میں "سہیم"(Seham) پورٹل کے آغاز پر شکریہ ادا کیا۔ سعودی ولی عہد نے پاکستان میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے قیمتی جانوں اور لوگوں کے ذریعہ معاش کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا، سیلاب متاثرہ لوگوں کے لیے مملکت کی جانب سے حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کے لیے سعودی مملکت کی مستقل حمایت کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی اپنے وسائل سے سیلاب کا نقصان پورا نہیں کر سکتے، سیلابی صورتحال پر دنیا کو پاکستان کی مدد کیلئے آگے ہونا ہو گا، مشکل گھڑی میں امداد کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں سیلاب زدگان کی بحالی کے حوالے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کو ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اعلی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں موجودہ پروگرامز میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی بات چیت کا محور رہا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ انجلینا جولی اور دیگر گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا ہے جو پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لاکھوں لوگوں جن کی زندگیاں اور ذریعہ معاش سیلاب کی نذر ہو گئے ہیں‘ کی آواز بنے۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ان کے جذبے اور اظہار ہمدردی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران پاکستان کے سیلاب متاثرین کی حالت زار کو اجاگر کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ٹویٹ میں وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والی خواتین اور بچوں کو درکار مدد پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف سے یورپی یونین کی صدر مس ارسلاوین ڈرلی این نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ دریں اثنائوزیراعظم محمد شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان ملاقات اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ہوئی۔