• news

تیاری کرلی ، پنجاب ، خیبر پی کے سے پولیس مانگیں گے ، انکار پر کارروائی کرینگے : رانا ثنا 

 اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے عمران خان ابھی تیاری پکڑرہے ہیں لیکن ہم نے تیاری کر لی ہے آئیں بسم اللہ، پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ریڈ زون کسان اتحاد والوں کی وجہ سے بند کیا تھا آج کھول رہے ہیں جب عمران خان نے آنے کا ارادہ کیا تو اس وقت جو ضروری ہوا انتظامات کریں گے عمران خان ذہنی مریض ہیں ان سے کیا بات کریں گے ایک پاگل سے کیا معاہدہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا عمران خان جب آئیں گے تو ہماری تیاری 25 مئی سے کہیں بہتر ہوگی دنیا میں مظاہرین منتشر کرنے کے لئے نئی سے نئی ٹیکنالوجی ہے ہم بھی اسے استعمال کریں گے ڈورن ٹیکنالوجی سے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں چلائی جائیں گی ہماری پوری تیاری ہے ۔ پنجاب اور خیبر پی کے  سے بھی پولیس مانگیں گے انکار کیا گیا توان کیخلاف آئین کے مطابق کارروائی کریں گے ویسے ہمارے پاس رینجرز، ایف سی اور وفاقی پولیس موجود ہیں عمران خان سے بات کرنا ممکن نہیں صوبوں سے فورس مانگی ہے انکار کیا تو آئین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے  خیبر پی کے میں طالبان کے معاملے پر لوگوں کے احتجاج پر پوچھے سوال پر کہا ہماری سکیورٹی فورسز اور مسلح افواج پوری طاقت اور صلاحیت رکھتی ہیں اس میں گھبرانے یا خوف پھیلانے کی ضرورت نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن