• news

کارپٹ کی عالمی نمائش میں بڑے پیمانے پر غیر ملکی سودے طے 


لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستا ن میں منعقدہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی 38ویں عالمی نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکی درآمد کنندگان نے بڑے پیمانے پر خریداری کے سودے کئے ہیں جس سے آنے والے دنوں میں پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ یہ بات پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر (ر) اختر نذیر نے 3 روزہ نمائش کے آخری روز بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ،سینئر وائس چیئرمین نعیم ساجد، وائس چیئرمین اعجا زالرحمان، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ، سینئر ایگزیکٹو ممبر ریاض احمد، عثمان اشرف ،سعید خان ، اکبر ملک سمیت انڈسٹری سے وابستہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔ میجر (ر) اختر نذیر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مالی معاونت نہ ملنے کے باوجود ایسوسی ایشن نے اپنے وسائل سے عالمی نمائش کا انعقاد کیا ہے جس کا مقصد دنیا میں پاکستان کی پہچان سمجھے جانے والی صنعت جو اس وقت انتہائی مشکلات سے دوچار ہے اسے آکسیجن مہیا کرنا تھا۔ دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی درآمد کنندگان کی بڑی تعداد نے نمائش میں شرکت کی اور پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں میں انتہائی دلچسپی کا اظہار کیا۔ نمائش کے دوران قالینوں کی خریداری کے سودے بھی ہوئے ہیں جس سے اس صنعت کو سہارا ملے گا۔ میجر (ر) اختر نذیر نے نمائش کے چیف آرگنائزر اعجاالرحمان سمیت دیگر منتظمین ،ایسوسی ایشن اور سی ٹی آئی کے عملے کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے ہی نمائش کی کامیابی ممکن ہوئی ۔

ای پیپر-دی نیشن