بھارت میں دلت خواتین کے ساتھ ریپ کے واقعات میں 45 فیصد اضافہ
نئی دہلی(کے پی آئی) بھارت میں دلت خواتین کے خلاف جنسی تشدد کے واقعات میں تشویش ناک اضافہ ہو رہا ہے۔ 2015 سے 2020 کے درمیان دلت خواتین کے ساتھ ریپ کے واقعات میں 45 فیصد کا اضافہ ہوا۔
مغربی نشریاتی ادارے کے مطابق قصورواروں کے خلاف ٹھوس قانونی کارروائی نہیں ہونے کے سبب صورت حال مزید ابتر ہو سکتی ہے۔اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں گزشتہ ہفتے پندرہ اور سترہ برس کی دو بہنوں کی نعشیںدرخت سے لٹکی ہوئی پائی گئیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹس کے مطابق ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی اور گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا۔ پولیس نے گینگ ریپ اور قتل کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔یہ واقعہ بھارت میں تقریبا آٹھ کروڑ دلت خواتین کو درپیش جنسی تشدد کے مسئلے کی تازہ کڑی ہے۔ دلت خواتین بھارت کے صدیوں پرانے ذات پات کے سماجی نظام میں روایتی طور پر سب سے کم سطح پر سمجھی جاتی ہیں۔
بھارت/ خواتین زیادتی کیس