• news

موجودہ حالات کے ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ‘ پی ڈی ایم‘ پی ٹی آئی ہیں: سراج الحق

لاہور‘ شیخوپورہ (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے الخدمت فائونڈیشن کے صدر عبدالشکور نے منصورہ میں ملاقات کی اور انہیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ الخدمت فائونڈیشن کے سیکرٹری جنرل شاہد اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے امیر جماعت نے الخدمت فائونڈیشن کے فلاحی پروگرام کی تحسین اور مشکل وقت میں لاکھوں بے سہارا لوگوں کی مدد کرنے پر ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بانی جماعت سید ابوالاعلیٰ مودودی کی یوم وفات پر ہم اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ دین کی سربلندی اور انسانیت کی خدمت کے لیے جماعت اسلامی بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹ رہی ہیں۔ سیلاب نے لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی تباہ کر دی، حکومت کسانوں کے نقصانات کا ازالہ کرے۔ ملک کے شمالی علاقوں میں لوگوں کو فوری طور پر گھروں کی تعمیر کے لیے نقد رقم دی جائے۔ جن لوگوں کے مال مویشی پانی میں بہہ گئے ہیں ان کے نقصانات کو بھی پورا کیا جائے۔ امیر جماعت نے اس موقع پر سیلانی ٹرسٹ کے سربراہ افضل سیلانی، اخوت کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب، ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی، شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے جہانگیر شاہ آفریدی، عالم گیر ٹرسٹ کے ریحان یاسین ، اللہ والے ٹرسٹ کے شاہد لون، ملین سمائل ٹرسٹ کے ذیشان سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور تمام فلاحی اداروں کی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر اس چیلنج سے نمٹنا ہے۔ قوم نے متاثرین کی مدد کر کے ایک دفعہ پھر ثابت کر دیا کہ ہم ایک غیرت مند اور بہادر قوم ہیں۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات کے ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ہے۔ ملک کو موجودہ گرداب، مسائل اور بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل جماعت اسلامی ہے جو اسلامی پاکستان کے قیام کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ ملک میں تبدیلی چہروں سے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی سے ممکن ہے۔ موجودہ سیاسی نظام ناکارہ، بوسیدہ اور کرپٹ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام کو کسی بھی شعبہ میں کوئی ریلیف نہیں مل رہا۔ اس سے بڑھ کر ملک کی اور کیا بدقسمتی ہوسکتی ہے کہ آدھا ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے حکمران تحاد اور صوبوں کی حکومتیں ایک دوسرے کو بچھاڑنے اور نیچا دکھانے میں مصروف عمل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں جماعت اسلامی کے سابق رکن قومی اسمبلی چودھری نذیر احمد ورک مرحوم کے بھائی چودھری مشتاق احمد ورک کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد جاوید قصوری، رانا تحفہ دستگیر احمد خاں،  نائب ناظم چودھری خالد محمود ورک، حاجی عاشق ورک، میاں مقصود احمد، پروفیسر جاوید سندھو، مرحوم کے صاحبزادے احمد فاروق ورک و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی پاکستان میں ٹرانس جینڈر بل کی منظوری حکمران جماعتوںکی ملی بھگت کا نتیجہ ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ تمام جماعتیں غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں۔ غیر ملکی طاقتوں کی نظریں ہمارے ایٹمی پروگرام پر لگی ہوئی ہیں۔ اسٹیبشلمنٹ بھی خود کو نیوٹرل ثابت کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے۔ شریف خاندان لندن میںبیٹھ کر پاکستان کی تقدیر کے فیصلے کررہا ہے۔ جماعت اسلامی ایسی سیاست کو یکسر مسترد کرتی ہے۔ فوج ملکی دفاع، سلامتی کیلئے ہے اس کا سیاست سے نا کوئی تعلق ہے اور نہ ہی ہونا چاہیے۔ تاہم بعض کرپٹ سیاستدانوں کی وجہ سے غیر جمہوری راستے کھلتے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کے فیڈر سے دودھ پینے والوں کا کھیل اب بند ہونا چاہیے۔ کشمیری مسلمانوں کے بعد اب سیلاب زدگان بھی ہماری امداد کے شدت سے منتظر ہیں۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن