گورو نانک کی 3 روزہ برسی تقریبات ختم‘ بہترین انتظامات پر یاتریوں کا اظہار تشکر
شکر گڑھ (دلشاد شریف سے) کرتار پور میں بابا گورو نانک دیو جی کی 483 ویں برسی کی تین روزہ رسومات اختتام پذیر ہو گئیں۔ ملک بھر سے ہزاروں یاتریوں سمیت، راہداری کے ذریعے آئے سینکڑوں بھارتی یاتریوں نے اختتامی دعائیہ تقریب میں شرکت کی، اور بہترین انتظامات پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی اختتامی تقریب میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا بھارت سے 5 ہزار کی بجائے 10 ہزار یاتری بھی روزانہ آئیں تو سہولتیں دیں گے۔ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ رسومات کا آغاز صبح سویرے خصوصی دعا سے ہوا۔ یاتریوں نے دربار پر ماتھا ٹیکا اور گورودوارہ کے درشن کئے۔ احسن اقبال نے بھی یاتریوں سے ملاقات کی اور سہولتوں کی فراہمی کے متعلق پوچھا اور مطالبات سنے۔ احسن اقبال نے دربار کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ بابا گورو نانک نے انسانیت کی تعلیم دی۔ پاکستان میں بسنے والے تمام شہری ایک گلدستے کی طرح ہیں۔ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کو کھلے دل سے خوش آمدید کہیں گے۔ سکھ برادری کے مطالبات وزیر اعظم پاکستان کے سامنے رکھوں گا۔ تحائف تقسیم کئے گئے۔ کرتارپور میں قیام کے دوران یاتریوں کی تواضع پالک پنیر، کڑھی پکوڑا، متنجن، پلاؤ اور چائے سمیت مزیدار پکوانوں سے کی گئی، یاتریوں نے میڈیکل، سکیورٹی اور قیام کی بہترین سہولیات پر دربار حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ مقامی یاتری خصوصی بسوں میں، جبکہ بھارتی یاتری حسین یادیں لئے بذریعہ راہداری واپس لوٹ گئے۔
گورونانک