چین ‘سعودیہ اچھے دوست عمران نے دونوں کو ناراض کیا ‘سی پیک پر کام روکا‘ فضل الرحمان
رحیم یارخان (بیورو رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام کے امیر وصدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے مسلم امہ میں چین اور نان مسلم ممالک میں سعودی عرب پاکستان کے سب سے اچھے دوست ہیں لیکن عمران خان نے اپنی حکومت کے دوران نہ صرف ان دونوں ممالک کو ناراض کر دیا بلکہ اپنی ہٹ دھرمی سے اس نے سی پیک کے تمام منصوبوں پر بھی کام روک دیا جس کا پاکستان کو غیر معمولی نقصان پہنچا اور اسکا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ روز چاچڑاں شریف میں سیلاب زدگان کے لئے لگائے فری میڈیکل کیمپ کے وزٹ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدے کرکے معیشت ان کے حوالے کردی۔عمران حکومت نے سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے اب وزیر خزانہ تو دور کی بات وزیر اعظم بھی سٹیٹ بنک کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتا یہی وجہ ہے ڈالر آج قابو میں نہیں آتا جس کے باعث ڈالر کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمت کے باعث ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا جمعیت علمائے اسلام کی طرف سے شروع دن سے ہی سیلاب زدگان کی ہر ممکن طریقے سے امداد کا سلسلہ جاری ہے ۔
فضل الرحمان