روس سے الحاق ، 4 یوکرائنی علاقوں میں ریفرنڈم آج : ماسکو کی ویٹو پاور ختم کی جائے : زیلنسکی
کیف‘ نیویارک‘ واشنگٹن‘ سیول (این این آئی‘ اے پی پی) یوکرائنی صدر ولادی میر زیلنسکی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ روس کی سلامتی کونسل میں ویٹو پاور کو ختم کیا جائے۔ یوکرائن کے صدر نے اقوام متحدہ سے روس کو یوکرائن پر حملے کی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کو حملے سے ہونے والے نقصان کی تلافی کرنے کا پابند بنایا جائے۔ صدر زیلنسکی نے ایک خطاب میں کہا ہے کہ یوکرائن کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا گیا اور ہم فوری طورپر روس کو سزا چاہتے ہیں۔ یوکرائن کے روس کے زیر کنٹرول 4 علاقوں ڈونسٹک‘ لوہانسک‘ خرسون اور زاپوریژیا کے حکام نے کہا ہے کہ وہ روس کا حصہ بنے کیلئے ریفرنڈم کرائیں گے جس کیلئے ووٹنگ 23 ستمبر سے شروع ہوکر 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔ سعودی ثالثی میں روس اور یوکرائن کے درمیان قیدیوں کے تبادلے میں 10 غیرملکیوں کو رہا کر دیا گیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے روس‘ یوکرائن کے درمیان جاری بحران کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اقدام کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ 10 قیدی مراکش‘ سویڈن‘ کروشیا‘ برطانیہ اور امریکہ کے شہری ہیں جنہیں سعودی حکام نے روس سے وصول کیا ہے۔ سربیا کے صدر الیگزینڈر ووجچ نے کہا ہے کہ یوکرائن تنازع ہم سب کو کسی بڑی جنگ کی طرف لیکر جا رہا ہے۔ شمالی کوریا نے کہا ہے کہ اس نے کبھی یوکرائن کو ہتھیار اور گولہ بارود فراہم نہیں کیا۔ وزارت قومی دفاع کے جنرل بیورو آف ایکوپمنٹ کے نائب ڈائریکٹر جنرل نے اپنا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے یوکرائن کو جنگی سامان کی فراہمی کے امریکی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنا منہ بند رکھے اور ایسی افواہیں پھیلانے سے اجتناب کرے۔ امریکہ کے ایسے الزامات کا مقصد شمالی کوریا کی ساکھ کو داغدار کرنا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے عالمی سطح پر غذائی عدم تحفظ سے نمٹنے کیلئے 2.9 ارب ڈالر کی نئی امداد کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاﺅس کے مطابق یہ نئے فنڈز یوکرائن روس کی جنگ کی وجہ سے خوراک‘ کھانوں اور توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں بھوک کے بارے میں بڑھتے ہوئے خدشات سے نمٹنے کیلئے مختص کئے جا رہے ہیں۔
یوکرائن