وارنٹ گرفتاری معطل ، اگلے ہفتے پاکستان آسکتا ہوں ، نواز شریف بھی جلد آرہے ہیں : اسحاق ڈار
اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار بیمار تھے یا کوئی اور مسئلہ تھا۔ ملزم کے وکیل کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی وجوہات بتاتے ہوئے استدعا کی کہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے جائیں، اسحاق ڈار ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد سیدھے عدالت پیش ہو جائیں گے۔ اس موقع پر بجلی کی بندش پر سماعت میں وقفہ کردیا گیا۔ دوبارہ سماعت شروع ہونے پر وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کا حکم سناتے ہوئے کہا کہ وارنٹ گرفتاری مکمل طور پر کینسل اس وقت ہوں گے جب ملزم عدالت کے سامنے پیش ہوگا۔ عدالت نے سماعت 7 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ دوسری جانب نجی ٹی وی سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اگلے ہفتے ہی پاکستان جا سکتا ہوں۔ پاکستان پہنچ کر سینٹ کی رکنیت کا حلف لوں گا۔ نواز شریف اور شہبازشریف جو ذمے داری سونپیں گے وہ نبھاؤں گا۔ 7 اکتوبر سے پہلے پاکستان آ رہا ہوں۔ آج وزیراعظم شہباز شریف لندن آ رہے ہیں، ان سے مشاورت ہو گی، نواز شریف بھی جلد پاکستان آ رہے ہیں۔