• news

قرض ملنے پر خوشی کی بجائے بطور قوم تشویش بڑھنی چاہیے: اشرف بھٹی

لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے شرائط نرم کرنے پر آمادگی کی اطلاعات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہ حکومت کو مہنگائی کی وجہ سے مشکلات کا شکار عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ عالمی مالیاتی اداروں سے قرض ملنے پر خوشی منانے کی بجائے بطور قوم ہماری تشویش بڑھنی چاہیے اور یہ عزم ہونا چاہیے کہ اب ہم مزید قرض نہیں لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف مارکیٹوں کے تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تاجروں نے اپنی اپنی مارکیٹوں میں درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر اشرف بھٹی نے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ سرکاری حکام سے رابطے کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ آسمان کو چھوتی مہنگائی کی وجہ سے کاروبار میں پہلے ہی مندی کا رجحان ہے جبکہ رہی سہی کسر بجلی کے بلوں نے نکال دی ہے۔ چھوٹے تاجر اتنی آمدن حاصل نہیں کرتے جس سے زیادہ بل آ رہے ہیں۔ تاجر نا مساعد حالات کے باوجود ٹیکسز کی ادائیگی کر رہے ہیں حکومت سے مطالبہ ہے کہ بجلی کے بلوں میں خصوصی ریلیف دیا جائے تاکہ تاجروں کو بھی اس مشکل وقت میں کچھ ریلیف مل سکے۔

ای پیپر-دی نیشن