• news

طویل المدتی میثاق معیشت بناکر پالیسی سازی کی جائے:شیخ محمد علی

لاہور (کامرس رپورٹر) سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی شیخ محمد علی نے کہا ہے کہ معاشی انفراسٹرکچر دیوالیہ ہونے کے قریب ترین پہنچ چکا ہے۔ دنیا میں کئی ترقی پذیر ممالک ایسے بحران میں پھنسے مگر محنت اور عزم سے حالات کو شکست دے کر نکلے۔ پاکستان کو اپنے مفاد کو ترجیح دے کر قومی ترقی کی سوچ اپنا کر سخت محنت اور ایمانداری سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ سیاسی استحکام سازگار سماجی حالات سرکاری انفراسٹرکچر اور اکنامک اسٹرکچر کو مستحکم بنائے گا۔ غیر یقینی کی صورتحال سے کاروبار کرنے والے صنعت کار بزنس مین شدید خوفزدہ ہے۔ طویل المدتی میثاق معیشت بناکر پالیسی سازی کی جائے۔ اقتصادی سیاسی و سرکاری پہلووں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی مرتب کی جائے۔  اکانومی مستحکم ہونے سے ذرائع آمدن بڑھیں گے جدید اکنامک نیٹ ورکنگ سے بزنس سیکٹر کے مزید موثر نتائج مرتب ہونگے۔ معیشت مستحکم ہونے سے ہی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ سچائی وعدے کی پاسداری ، دلجمعی سے ملکی قومی ترقی کیلئے محنت پاکستان کو قومی و بین الاقوامی سطح پر وقار اور اعلی مقام دلائے گی۔ بحران زدہ حالات کے تسلسل میں ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر مصنوعی سانسوں سے بھی چل نہیں سکے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور قوم اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے اور ملکی معیشت کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے میں ایک دوسرے کی مدد کرے۔

ای پیپر-دی نیشن