معاشی چیلنجز :غیرملکی سرمایہ کاری 10ارب ڈالر تک بڑھاناہوگی:حسن علی قادری
لاہور( کامرس رپورٹر)پروفیشنل ریسرچ فورم کے چیئرمین سید حسن علی قادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا رجحان توقعات کے مطابق نہیں ہے۔ سیاسی عدم استحکام، سرخ فیتہ ،روپے کی قدر میں کمی، مہنگائی، پالیسی ریٹ میں اضافہ سرمایہ کاری نہ ہونے کی اصل وجوہات ہیں۔ حکومت کاروباری برادری کی مشاورت سے مقامی و غیرملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی اقدامات کرے اور ان کیلئے قواعد و ضوابط آسان بنائے۔ حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2021-22 میں غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 1.87ارب ڈالر رہا جو اس سے پچھلے سال 1.82ارب ڈالر کی سطح پر تھا،معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے غیرملکی سرمایہ کاری کو کم از کم 10ارب ڈالر تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔معاشی پالیسیوں میں عدم تسلسل جیسے مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ معیشت کی ترقی کیلئے ایڈ ہاک ازم کی بجائے طویل المدت پالیسیاں نا گزیر ہیں۔ وفاقی و صوبائی سطح پر ٹیکسوں کی بڑی تعداد کاروباری برادری و سرمایہ کاروں کیلئے مسائل پیدا کررہی ہے۔سپیشل اکنامک زونز میں کم ہوتی سرمایہ کاری کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز ایکٹ 2012کا ازسرنو جائزہ لینے کی اشد ضرورت ہے۔