مہنگی بجلی ،بلو ں سے بچنے کیلئے سٹیل میلٹنگ فرنسزکو عارضی طورپر بند رکھنے پر غور
لاہور (کامرس رپورٹر)میاں احمدحسن، چیئرمین پاکستان سٹیل میلٹرزایسوسی ایشن کی سربراہی میں ایک وفد نے چیئرمین نیپرا، توصیف ایچ فاروقی سے نیپرا ہیڈ آفس میں میٹنگ کی اورسٹیل میلٹنگ انڈسٹری کو بجلی کے بلوں کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین نیپرا نے وفد کی پیش کی گئی تمام شکایات اورمطالبات کو بغور سنا اور ہرممکن ہمدردانہ تعاون کا یقین دلایا۔یہ فیصلہ کیاگیا کہ ایسی سٹیل میلٹنگ فرنسزجوکسی مجبوری کی وجہ سے عارضی طورپرایک ماہ یا اس سے ذیادہ عرصے کیلئے فرنس بند رکھنا چاہتے ہوں۔ وہ بجلی کے کنکشن کی عارضی بندش کی درخواست دیں گے جس کے بعد بندش کے عرصے کے دوران ان پر کوئی ایم ڈی آئی چارج نہیں ہوگا۔میٹنگ کے اختتام پر میاں احمد حسن نے چیئرمین نیپرا کا اس اہم فیصلہ پرتہہ دل سے تشکر کا اظہار کیااور امید ظاہرکی کہ ایسوسی ایشن کے باقی مسائل بھی حکومتی اداروں سے مل بیٹھ کرحل کیے جائیں گے۔