کے ٹی پی ایل سیزن ٹو کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)کراچی ٹیپ بال پریمئر کرکٹ لیگ سیزن ٹو کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی،ایونٹ کے آخری گروپ میچوں کے بعد لیاری لیجنڈز نے بھی فائنل فور میں جگہ بنالی جبکہ جوہر جوانز کی ٹیم شکست کے بعد ٹاپ فورمیں جگہ نہ بنا سکی۔اصغر علی شاہ اسٹیڈیم پر جاری بدر ایکسپورکے ٹی پی ایل سیزن ٹو کے لیگ میچوں کے آخری روز ڈی ایچ اے دبنگز نے جوہر جوانز کو اور لیاری لیجنڈز نے ایف بی فائٹرز کو شکست دے دی۔ پوائنٹس ٹیبل پر کلفٹن غازیز نے 11پوائنٹس کے ساتھ پہلی،ڈی ایچ اے دبنگز نے 11ہی پوائنٹس کے ساتھ دوسری،گلشن گوہر نے 9پوائنٹس کے ساتھ تیسری جبکہ لیاری لیجنڈز نے آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی اور سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔پہلے سیمی فائنل میں گلشن گوہر کا مقابلہ کلفٹن غازیز سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں لیاری لیجنڈزکا مقابلہ ڈی ایچ اے دبنگز سے ہوگا۔ لیگ میچوں کے آخری روز پہلے میچ میں جوہر جوانز نے پہلی اننگز میں 93رنز اسکور کئے جس کے جواب میں ڈی ایچ اے دبنگز نے 104رنز بناکر11رنز کی سبقت لی۔جوہر جوانز دوسری اننگز میں 85رنز بناسکی ڈی ایچ اے دبنگز نے مطلوبہ ہدف75رنز ایک وکٹ کے نقصان پر بنا لئے۔دوسرے میچ میں لیاری لیجنڈز نے ایف بی فائٹرز کو 20رنز سے زیر کیا۔لیاری لیجنڈز نے پہلی اننگز میں شاہنواز کے30رنز کی بدولت 88رنز اسکور کئے جواب میں ایف بی فائٹرز 75رنز بناسکی اور 13رنز کے خسارے میں رہی۔لیاری لیجنڈز نے دوسری اننگز میں شعبان اللہ کے31رنز کی بدولت 80رنز اسکور کئے اور ایف بی فائٹرز کو 94رنز کا ہدف دیا تاہم ایف بی فائٹرز کی ٹیم 73رنز ہی اسکور کر سکی۔
عبید لیفٹی نے35رنز بنائے۔شعبان اللہ مین آف دی میچ قرار دئیے گئے۔