• news

پیراگون ریفرنس، ٹرائل جاری رکھنے کیلئے نیب 12 اکتوبر کو گواہ پیش کرے: عدالت 

لاہور (خبرنگار) احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ ریفرنس میں ٹرائل جاری رکھنے کے لیے نیب کو 12 اکتوبر کو گواہ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے ندیم ضیا وغیرہ سمیت تین ملزموں کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے۔ جج نے استفسار  کیا کہ جب تک عبوری ضمانت والے ملزموں کی تفتیش مکمل نہیں ہوتی تو کیا ٹرائل کو روک دیا جائے؟ ملزموں کے وکیل امجد پرویز نے موقف اپنایا کہ نئے ملزمان تفتیش میں گناہ گار قرار پائے تو ان کا کیس الگ چل سکتا ہے، استدعا ہے کہ نئے ملزمان کی وجہ سے کیس کا ٹرائل نہ روکا جائے، خواجہ برادران کے خلاف ٹرائل چلتا رہنا چاہئے، جب نیب سپلیمنٹری رپورٹ جمع کرائے گی تب صورتحال واضح ہو گی۔  تفتیشی افسر  نے کہا بظاہر سپلیمنٹری رپورٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو  میں کہا پنجاب میں حکومت  تبدیل ہورہی ہے اس بارے مجھے نہیں پتہ، میرے کیس میں چار جج تبدیل ہو چکے۔ پاکستان انصاف میں نیچے سے پانچویں یا چوتھے نمبر پر ہے، خواجہ سراؤں کا میڈیکل بورڈ بننا چاہئے۔ تمام پارٹیاں اس بل میں شامل ہیں۔ کسی کو حقوق دینے سے محروم نہیں کیا جا سکتا، اوتھ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی صرف ایک پیرا تبدیل کیا گیا، آپ اس وقت مطالبہ کر رہے ہیں کہ تین کروڑ پاکستانی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں لوگ کھانا مانگنے پر مجبور ہیں، ایک شخص کہہ رہا ہے کہ انتخابات کروائے جائیں۔ عمران خان کی لمبی زبان ہے جسے پکڑنے والا کوئی نہیں، کوئی شرم کوئی حیا ہے۔
پیراگون ریفرنس

ای پیپر-دی نیشن