• news

شہباز شریف کی جنرل اسمبلی میں تقریر سے تقویت ملی ، حریت کانفرنس 

سرینگر (اے پی پی) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں نئی دلی کے زیرکنٹرول سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجسی (ایس آئی اے نے متعدد مقامات پر چھاپوں کے دوران کئی افراد گرفتار کرلیے ہیں۔ بھارتی پولیس  اور پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کے ہمراہ سرینگر، بڈگام اور کپواڑہ اضلاع میں کئی مقاما ت پر چھاپے مارے ۔سرینگر میں ایک ہوٹل پرچھاپے کے دوران گلزار احمد میر نامی شخص کو ہراساں کیا گیا اور پوچھ گچھ کی گئی۔ ضلع بڈگام کے علاقے بٹہ پورہ کچواری میں بشیر احمد ڈار نامی ایک شہری کے گھر پر چھاپہ مارا۔ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں گزشتہ تین برسوں میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے نام پر 46ہزار کنال اراضی پر قبضہ کر لیا ہے۔ ممتاز قانون دان ایڈووکیٹ بابر قادری کے دوسرے یوم شہادت پر  سرینگر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ شرکاء نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تقریر میں تنازعہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگرکرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کاز کا حقیقی علمبردار اورکشمیریوں کے حق خودارادیت کا پرزور حامی ہے۔  ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی پرزور تقریر  مظلوم کشمیریوں کے لئے حوصلہ افزا اور تقویت کا باعث ہے جو گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سینٹرل جیل سرینگر سے خصوصی پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کی واحد امید پاکستان ہے۔ انہوں نے عالمی فورم پر کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے پر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم کا شکریہ ادا کیا۔ سید بشیر اندرابی، خادم حسین اور سبط شبیر قمی سمیت دیگر حریت رہنمائوں نے دنیا پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں مزید خونریزی روکنے کے لیے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے آگے آئے۔

ای پیپر-دی نیشن