• news

 مسئلہ کشمیر پر نعروں سے بڑھ کر عملی اقدامات کی ضرورت ہے: شجاعت

اسلام آباد (خبر نگار) چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب اور وائس چیئرمین عبدالحمید لون سے ملاقات کے دوران چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر روایتی نعرہ بازی سے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کے دکھ درد کے تدارک کیلئے مشکل فیصلے کئے جائیں اور ان کی آزادی کیلئے نئے آپشنز پر غور کیا جائے۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے روایتی اور جذباتی نعروں سے ہٹ کر اقدامات کرنے کیلئے تیار ہے اور اس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور قومی اداروں کو بھی ہم آہنگ ہو کر ایک پلیٹ فارم پر آنا ہو گا۔ غزالہ حبیب نے کہا کہ ہم دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کاوشیں کرتے رہیں گے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری چودھری سالک حسین بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن