بارشی پانی کی نکاسی کیلئے تمام محکمے ہنگامی اقدامات کریں: کمشنر
لاہور(خبر نگار)کمشنر لاہور محمد عامر جان نے شہر کے بعض علاقوں میں بارش اورنکاسی آب کے انتظامات کے لیے تمام محکموں کو ہنگامی ہدایات جاری کردیں۔ کمشنر لاہورمحمد عامر جان نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے اور افسران الرٹ رہیں۔ پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری ردعمل دیں۔ انہوں نے کہا کہ سورنگ پوائنٹس پر ڈسپوزل اشٹیشنز کو پوری گنجائش سے فعال رکھا جائے۔ کمشنر لاہورمحمد عامر جان نے کہا کہ تمام اے سیز، ایم سی ایل، واسا، ایل ڈی اے افسران خود فیلڈ میں موجود ہوں۔ علاوہ ازیں کمشنر لاہور محمد عامر جان نے آدھی رات کے بعد تقریبا ڈیڑھ بجے گلبرگ کا دورہ کیا۔مختلف حل طلب میونسپل امور کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور نے سٹریٹ لائٹس، صفائی ورکرز، لبرٹی مارکیٹ پارکنگ، لبرٹی چوک، مین بلیوارڈ کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور نے لبرٹی مارکیٹ پارکنگ میں لگے بے قاعدہ بورڈز اور پولز کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا جس پر کارپوریشن عملہ نے کام شروع کردیا۔