مغربی کنارا اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینی مظاہرین پر فائرنگ شیلنگ 7زخمی
؎غزہ (این این آئی) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں کفر قدوم کے مقام پر فلسطینیوں کے ہفتہ وار احتجاجی مظاہرے پر براہ راست گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں سات فلسطینی شدید زخمی اور متعدد شہری آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث دم گھٹنے سے بیہوش ہو گئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ ادھرغرب اردن کے مختلف شہروں میں یہودی آباد کاری کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج نے طاقت کا استعمال کیا۔ فلسطینی شہریوں نے غرب اردن میں یہودی آباد کاری، توسیع پسندی اور فلسطینی مکانات کی مسماری کے خلاف احتجاج کیا۔ حماس رہنماؤں نے مغربی کنارے میں بیت سیرا فوجی چیک پوسٹ کے نزدیک اسرائیلی کو چاقو مارنے کے واقعات کی تحسین کی ہے۔ حماس نے ان واقعات کے رد عمل میں فلسطینوں کی طرف سے اسرائیلی کو نشانہ بنانے کی تعریف کرتے ہوئے بیان جاری کیا۔ یہودی آباد کاروں کو نشانہ بنانے کا تازہ واقعہ جمعرات کی صبح پیش آیا تھا۔ فلسطینی نوجوان کے اس حملے میں بیت سیرا کے نزدیک آٹھ یہودی آباد کار زخمی ہوئے تھے، تاہم اس نوجوان کو اسرائیلی پولیس کے ایک ایسے اہلکار نے حملہ کر کے شہید کر دیا جو پولیس ڈیوٹی پر موجود نہیں تھا۔
حماس