جنوبی پنجاب صوبے کیلئے پی پی، ن لیگ مخلص نہیں، شاہ محمود
ملتان(نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے پی پی‘ ن لیگ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے کبھی مخلص نہیں تھے۔ یوسف رضا گیلانی بطور وزیراعظم اگرچاہتے تو جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے کوئی قدم اٹھا سکتے تھے۔ انہوں نے صوبہ تو درکنار سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنا بھی مناسب نہیں سمجھا۔ دوتہائی اکثریت نہ ہونے کی بدولت صوبہ نہیں بناسکے لیکن سیکرٹریٹ بنا کر صوبے کے قیام کیلئے راہ ہموار کردی۔ جنوبی پنجاب کے عوام نے تحریک انصاف پر اعتماد کیا اور جنرل الیکشن میں دو تہائی اکثریت ملی تو جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا تشخص دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ڈی پی کے چیئرمین رانا فراز نون اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب کے عوام سمجھ دار ہیں۔ وہ بخوبی جان چکے کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے پی پی‘ ن لیگ کبھی مخلص نہیں رہیں۔ قبل ازیں موضع لوٹھڑ میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا امپورٹڈحکمرانوں کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکاہے۔ حکمرانوں کا بستر بوریا گول ہونے والا ہے۔ پی ڈی ایم میں انتشا رہے۔ جلد اپنے انجام کو پہنچنے والی ہے۔پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی نا اہلیت دیکھ کر عوام ان سے مزید متنفر ہو چکے ہیں۔
شاہ محمود