• news

وزیراعظم ہائوس سے آڈیو لیک ہونا تشویشناک‘ شہبازشریف سخت ہاتھ ڈالیں: فضل الرحمن

ملتان (نوائے وقت رپورٹ)   پاکستان ڈیموکریٹک  موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا۔ پی ٹی آئی حکومت نے سی پیک معاہدے کو رول بیک کیا۔ اسحاق ڈار نے ماضی میں معیشت کو بہتر کیا۔ ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ آڈیو کا لیک ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔ وزیراعظم سے کہوں گا سخت ہاتھ ڈالیں۔ اسحاق ڈار کے آنے کے حوالے سے میرے ساتھ کوئی رابطہ نہیںہوا۔  سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کی آڈیو وائرل ہوئی۔ شوکت ترین چاہتا ہے پاکستان ڈیفالٹ ہو جائے۔ فضل  الرحمن نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ اسحاق ڈار کے تجربے سے فائدہ اٹھانا ہے۔ امپورٹڈ عمران خان ملک کا بیڑہ غرق کرنے آئے تھے۔ اسحاق   ڈار واپس آرہے ہیں تاکہ ہم اس صورتحال سے نکل سکیں۔ اندر سے غلام اور باہر سے آزادی والی بات کرنا منافقت کی علامت ہے۔دریں اثناء جنوبی پنجاب کے جماعتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم اسمبلی میں ایسا بل لا رہے ہیں جس سے ہم جنس پرست نشان عبرت بن جائیں گے۔ جمعیت علماء اسلام جب تک اسمبلی میں موجود ہے کسی  مائی کے لعل کو اسمبلی میں اسلام کیخلاف قانون سازی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ٹرانس جینڈر بل درحقیقت یہودی لابی کا ایجنڈا ہے جو کہ عمران نیازی اور سیاسی جماعتوں کے ذریعے مسلط کرنے کی ناپاک سازش تھی۔ 

ای پیپر-دی نیشن