• news

حارث نے بازی پلٹ دی پاکستان کامیاب ، انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز برابر

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد انگلینڈ کو چوتھے ٹی ٹونٹی میچ میں 3 رنز سے شکست دیکر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔ انگلینڈ کی ٹیم 167 رنز کے مقابلے میں 163 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ حارث رئوف کے شاندار اوور نے میچ کا نقشہ تبدیل کیا۔ انگلینڈ کے لیام ڈوسن کے34رنز رائیگاں گئے، بروک 34، ڈکٹ 33 اور معین علی 29 رنز بنا سکے۔ حارث رئوف اور محمد نواز نے 3،3 شکار کیے، محمد حسنین نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ حارث رؤف نے دو گیندوں پر دو وکٹیں لیکر میچ کا پانسہ پلٹا، اس سے قبل انگلینڈ کے جارح مزاج بیٹر لیام ڈاسن نے محمد حسنین کے اوور میں 25 رنز بٹور کر میچ کو انگلینڈ کی جھولی میں ڈال دیا تھا۔ قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 4 وکٹوں پر 166 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 88 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، کپتان بابراعظم 36، شان مسعود21 بنا کر نمایاں رہے۔ خوش دل شاہ 2رنز بنا سکے۔ ریس ٹاپلے نے دو‘ ڈیوڈ ولی، لیام ڈوسن ایک ایک وکٹ لے سکے۔ حارث رئوف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان نے ٹی ٹونٹی میں ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔ گرین شرٹس 200 ٹی ٹونٹی کھیلنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ 2006ء میں انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی کے سفر کا آغاز کرنے والی پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 200 واں میچ کھیلا۔  123 میچ جیتے‘ 71 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 1ٹائی رہا اور 5 بے نتیجہ رہے۔

ای پیپر-دی نیشن