آڈیو شرمناک، قوم نکلنے کیلئے تیار ، یہ آخری ، فیصلہ کن مارچ ہوگا : عمران
کرک /پشاور( نامہ نگار +بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اس بار ایک بال سے 3 وکٹیں گراؤں گا، حقیقی آزادی کی تحریک میں پوری پاکستانی قوم میرے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران کسی غلط فہمی میں نہ رہیں قوم اپنا فیصلہ کر چکی ہے،قوم نکلنے کے لیے تیار ہے اسے صرف ایک کال کا انتظار ہے اور یہ ہمارا آخری اور فیصلہ کن مارچ ہوگا۔ کرک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بہت جلد عام انتخابات ہونگے اور ان انتخابات کے بعد کرپٹ مافیا کو پاکستانی سیاست سے باہر نکال پھینکیں گے۔ حال ہی میں ایک آڈیو لیک ہوئی ہے جس میں مریم نواز اپنے داماد کو غیر قانونی طریقے سے فائدہ پہنچانے کے لیے پاور پلانٹ بھارت سے امپورٹ کرنے کے لیے سرکاری افسران کو ہدایت دے رہی ہے، مریم اپنے داماد کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے عوام کے پیسے سے گرڈ سٹیشن لگوانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اقتدار میں اپنی ذات کو فائدہ پہنچانا کرپشن کی بدترین قسم ہے۔ان آڈیو لیک سے واضح ہو گیا کہ یہ لوگ مہنگائی کے خاتمے کے بہانے اپنے اوپر کرپشن کے کیسز ختم کرانے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو خاندانوں نے ملک پر تیس سال حکومت کی اور عوام کا پیسہ لوٹ کر بیرونی ممالک منتقل کیا۔ انہی کے دور میں بھارت اور بنگلہ دیش ہم سے ترقی کی دوڑ میں اگے نکل گئے اور ہم نے اپنی آمدنی بڑھانے کا کبھی سوچا ہی نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت نے صوبہ بھر میں عوام کو مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے صحت کارڈ پلس منصوبہ شروع کیا۔ اس کے علاؤہ طلبہ کے لیے ایجوکیشن کارڈ پر کام کر رہی ہے جس کے ذریعے طلبہ ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ ہم اپنے اخراجات کو کم اور آمدنی کو بڑھا کر ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے اور اپنی قوم کی عزت و وقار کو دو بارہ بحال کریں گے۔ ہم اپنی خارجہ پالیسی کو ملکی اور عوامی مفاد کے مطابق بنائیں گے کسی اور کے مفادات کے لیے نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک پر ایک بیرونی سازش کے تحت بڑے بڑے ڈاکوؤں کو مسلط کیا گیا ، کرپٹ ٹولے نے نیب قوانین میں ترامیم کر کے اپنے اوپر 1100 ارب روپے کرپشن کے کیسز ختم کرائے۔ نواز شریف کے بیٹے لندن کے اُس مہنگے ترین علاقے میں رہتے ہیں جہاں پر برطانیہ کا وزیر اعظم بھی نہیں رہ سکتا، اور یہ عوام کا لوٹا ہوا پیسہ ہے۔ ملک کے قرضے بڑھتے جا رہے ہیں جبکہ دو کرپٹ خاندانوں کے اثاثے بڑھ رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ غریب ملک میں کوئی امیر چوری کرے تو اسے این آر او مل جاتا ہے جبکہ غریب کو سزا۔ وزیراعظم بیرونی ممالک سے پیسے مانگ کر قوم کو شرمندہ کر رہے ہیں، کو ئی بھی ملک قرض کے پیسوں سے ترقی نہیں کر سکتا۔ ترقی کے لیے ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا۔نوجوانوں نے میرا ساتھ دینا ہے، میں اس کرپٹ ٹولے کا مقابلہ کروں گا اور ملک کو حقیقی آزادی دلا کر رہوں گا۔چوروں کی غلامی کرنے سے مر جانا اچھا ہے، رحمت اللعالمین اتھارٹی کو نا اہل حکومت نے ختم کر دیا۔ جب ہمیں دوبار حکومت ملے گی تو دوبارہ اس اتھارٹی کو فعال بنائیں گے۔میری حکومت نے مقبوضہ کشمیر کا خصوصی اسٹیٹس ختم کرنے پر بھارت سے تجارت ختم کی لیکن امپورٹڈ حکومت بھارت سے دوبارہ تجارت شروع کرنا چاہتی ہے۔