• news

وزیراعظم کیساتھ اسحاق ڈار کی آج واپسی 

اسلام آباد +لندن(خبرنگار+نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار کی لندن سے وطن واپسی کب ہوگی، اس سے متعلق پارٹی قیادت نے فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ہی پاکستان روانہ ہوں گے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان دو دن کی طویل مشاورت کے بعد فیصلہ ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار بطور وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے مشورہ دیا کہ پاکستان جانا ہی ہے تو شہباز شریف کے ساتھ جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کو اسحاق ڈار کا پاکستان روانگی کا ٹکٹ کنفرم تھا، نواز شریف کی ہدایت و مشورے پر اسحاق ڈار نے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات سلیمان شہباز کی رہائش گاہ پر ہوئی جہاں اسحاق ڈار بھی میٹنگ میں شریک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف  آج پیر کو وطن واپسی کے لیے روانہ ہوں گے۔ قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نوازشریف کی زیرصدارت لندن میں اہم پارٹی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی وقومی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، مفتاح اسماعیل، ملک محمد احمد خان اور احد چیمہ نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفیٰ قائد محمد نوازشریف کو پیش کیا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا، چار ماہ میں اپنی بھرپور صلاحیت سے کام کیا، پارٹی اور ملک سے وفاداری نبھائی۔ قائد محمد نوازشریف نے مشکل ترین حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پر مفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سابق حکومت کی لگائی معاشی تباہی کی آگ موجودہ حکومت کو بجھانا پڑی۔ قائد نواز شریف اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیرِ خزانہ کیلئے نامزد کر دیا۔ اسحاق ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ پاکستان روانہ ہورہا ہوں، منگل کو سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھاؤں گا، وزیراعظم اور نواز شریف سے ملاقات میں اہم فیصلے ہوئے، بدھ کو وزارت کا حلف اٹھاؤں گا۔
اسلام آباد  (خبر نگار خصوصی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ  سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ڈونرز  کانفرنس کا انعقاد جلد کیا جائے گا۔ وزیراعظم  نے  لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی  پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ  اقوام متحدہ جنرل اسمبلی  کے حالیہ اجلاس کے دوران ان کی  اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سمیت دنیا بھر کی اہم   قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں انہوں نے عالمی  رہنمائوں  کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے کی جانے والی امدادی کارروائیوں اور بحالی کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے  سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے  اپنی ٹیلیفونک گفتگو کا بھی ذکر کیا۔ وزیر اعظم  نے کہا کہ عالمی رہنمائوں کو موسمیاتی تبدیلی کے پاکستان پر تباہ کن اثرات اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا گیا۔ عالمی رہنمائوں کی جانب سے پاکستان  میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا اور یہ یقین دلایا  گیا کہ پورے خلوص کے ساتھ پاکستان کی مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ  بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کے دوران سیلاب زدہ علاقوں میں بچوں کی خوراک کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام سے مدد لینے کی بات بھی زیر بحث آئی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور پاکستانی اداروں کی کوششوں سے ہم  جلد اس مشکل سے نکل آئیں گے۔ وزیراعظم کو نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کے حکام کی جانب سے ملک بھر میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کارکنوں کے ہراساں کرنے پر ظرف کا مظاہرہ اور ہراساں کرنے والوں اور ان کے حمایتیوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔ مریم اورنگزیب پر فخر ہے، ہراساںکرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ دریں اثناء مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے پر ٹویٹ میں کہا کہ مریم اورنگزیب مجھے آپ پر فخر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن