• news

آرمی چیف سے ملاقات ، چیئرمین دبئی پورٹ ورلڈ کا سیلاب فنڈ کیلئے 25 لاکھ ڈالر عطیہ 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) دبئی پورٹ ورلڈ کے چیئرمین شیخ احمد سلطان بن سلیم نے اتوار کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں تباہ کن سیلاب کے تناظر میں امدادی کوششوں اور پاکستان کی بحالی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ سلطان نے اتوار کو سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ جبکہ انہوں نے آرمی ریلیف فنڈ کے لئے 25 لاکھ امریکی ڈالر کا عطیہ دیا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اس کی قیادت مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے ماحولیاتی انصاف کے معاملے کو عالمی فورمز پر اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے پاکستان کی بروقت حمایت پر شیخ احمد سلطان کا شکریہ ادا کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان میں اقتصادی ترقی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ شیخ احمد سلطان نے آرمی چیف کو دوبئی پورٹ ورلڈ کی پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔ شیخ سلطان نے آنے والے دنوں میں فلڈ ریلیف کی کوششوں کے لیے دیگر ڈونرز لانے کی بھی پیشکش کی۔ شیخ سلطان نے اس دورے کا اہتمام کرنے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے اندر سیلاب سے تباہی اور امداد کی ضرورت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے پر فخر عالم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن