سیلاب متاثرین کو غزائی بحران کا خدشہ ، وبائی امراض پھیل رہے : بلاول
اسلام آباد؍ نیو یارک (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عرب میڈیا کو انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا ہے۔ بھارت کے کشمیر اور اسلاموفوبیا پر انتہا پسندانہ موقف سے پیچھے ہٹنے پر ہی ایسا ممکن ہے۔ بھارت نے غیر قانونی قبضے والے کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر بدلا اور مسلم اکثریتی علاقے کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی۔ پاکستان کیلئے بھارت کے یہ اقدامات ناقابل قبول ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو صحت کے بحران کا سامنا ہے۔ سیلابی پانی سے وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ پاکستان کو غذائی بحران کا خدشہ ہے۔ ہم ابھی آئی ایم ایف سے معاہدے کے تحت کچھ ادائیگی وصول کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے چینی میڈیا کو انٹرویو میں کہا ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے۔ ون چائنا پالیسی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔ دنیا چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو حسد کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سیلاب سے نمٹنے کیلئے مدد پر چین کے شکر گزار ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سائیڈ لائن پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے الجیریا کے وزیر خارجہ رامتنے لامامرا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے مصر کے وزیر خارجہ سمی شوکری سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی ۔