سیاست میں رواداری، ظہور الٰہی کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں: شجاعت
گجرات (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے چودھری ظہور الٰہی شہید کی 41 ویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا چودھری ظہور الٰہی شہید کی سیاست رواداری اور پاکستان سے محبت کی سیاست تھی۔ سیاست میں رواداری کو فروغ دیکر چودھری ظہور الٰہی شہید کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں۔ وہ چاروں صوبوں کی آواز تھے۔ وہ جو بات بھی کرتے تھے پہلے خود اس پر عمل کرتے تھے۔ اس موقع پر سینئر مسلم لیگی رہنما شافع حسین اور وفاقی وزیر سالک حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا چودھری ظہور الٰہی شہید نے ساری زندگی حق گوئی، جدوجہد اور جستجو میں بسر کی۔ چودھری ظہور الٰہی شہید ہمیشہ مظلوم طبقے کی آواز بنے اور استحصالی طبقے کے خلاف نبرد آزما رہے۔ وہ اصولوں پر کسی بھی طرح کی مفاہمت کے قائل نہ تھے۔ وہ درد مند دل رکھنے والی شخصیت تھے۔ یہی وجہ ہے آج بھی ان کا نام عزت و احترام کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ برسی کی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ چودھری ظہور الٰہی شہید کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔ بعد ازاں چودھری شجاعت حسین، شافع حسین اور سالک حسین نے چودھری ظہور الٰہی کی قبر پر جاکر فاتحہ خوانی بھی کی۔