• news

نواز شریف نے واپس نہیں آنا ، آڈیو سے مریم کی اصلیت سامنے آگئی : پرویز الٰہی 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے  ظہور الٰہی پیلس گجرات میں چودھری ظہور الٰہی شہید کی 41 ویں برسی میں شرکت کی۔ وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے  برسی پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی جو آڈیو لیک ہوئی ہے، اب عوام کو ان کی اصلیت کا پتہ لگ گیا ہے لیکن مجھے ان کی اصلیت کا پہلے سے ہی پتہ تھا۔ مریم نواز نے آڈیولیک میں میرے بارے میں جو الفاظ استعمال کیے اس پر افسوس ہوا ہے۔ میں نے اس خاندان کے ساتھ بہت بھلائی کی اور ہم ہمیشہ شریف خاندان کے کام آئے۔ میرے خلاف باتیں کرکے مریم نواز نے اپنی اصلیت بتائی ہے۔ میں نے اور مونس الٰہی نے عمران خان کا ساتھ اسی وجہ سے دیا۔ شریف خاندان کی سوچ ہی ایسی ہے۔ شہباز شریف کو خدا کا خوف نہیں بیرون ملک جا کر کہتا ہے میں نے پیسے مانگنے نہیں تھے لیکن مجبور ہوں، دے دیں۔ مجھے تو ڈر تھا کہ یہ ان سے واپسی کی ٹکٹ بھی نہ مانگنے لگے۔ شہباز شریف کی سوچ مغلیہ سوچ ہے۔ عمران خان نے کال دی تو رانا ثناء  اللہ کو کہتا ہوں کہ اسلام آباد سے باہر نکل کر دکھائے۔ رانا ثناء اللہ کو سب سے بڑا خوف سانحہ ماڈل ٹائون کا ہے اور ماڈل ٹائون جو خون کی ہولی کھیلی گئی، اس پر انہیں سزا ہوگی۔ ماڈل ٹاؤن میں عورتوں اور بچوں کو ناحق قتل کرنے والوں پر مقدمے کیے جائیں گے۔ میں جھوٹے کیسوں کے خلاف ہوں لیکن اب جو کیس ہوں گے درست ہوں گے۔ نواز شریف پر کوئی کیس ختم نہیں ہوا۔ اب کوئی نہ آسکتا ہے، نہ جاسکتا ہے۔ نواز شریف نے واپس نہیں آنا۔ انہوں نے کہا کہ گجرات ایک گاؤں تھا چودھری ظہور الٰہی نے اپنی محنت سے پورے ملک میں نام کمایا۔ اگلی برسی پر آپ کو چودھری ظہور الٰہی شہید کے وارثوں میں مزید محبت نظر آئے گی۔ جیسے آپ چاہتے ہیں سب چاہتے ہیں کہ ہم اکٹھے ہوجائیں۔ ہوسکتا ہے آپ کی دعاؤں سے ہم پھر اکٹھے ہوجائیں۔ اللہ تعالیٰ کا بھی حکم ہے کہ دو بھائیوں میں لڑائی ہوجائے تو ان کی صلح کرا دو۔ 41 سال بعد بھی ہم چودھری ظہور الٰہی شہید کو نہیں بھول سکے۔ بچے اپنی مرضی کرتے ہیں انکو پیار سے سمجھا کر واپس لے آئیں گے۔ ایک دو ماہ تک آپ کو سب کو نظر آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے گجرات کو ڈویژن بنادیا ہے، اب یہ پورے صوبے کا مرکز بنے گا۔ ایک ایسی یونیورسٹی بنا رہے ہیں جو پاکستان تو کیا ایشیا میں ایسی نہیں ہوگی۔ منڈی بہاؤ الدین اور گجرات کے درمیان یونیورسٹی بنائیں گے۔ ترکی کی بلیو مسجد جیسی مسجد اپنے وسائل سے گجرات میں بنا رہے ہیں۔ بلیو  مسجد میں خواتین بھی نماز ادا کر سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جو ختم نبوت  پر یقین نہیں رکھتا اس سے کوئی دوستی نہیں، وہ اقلیت بن کر رہنا چاہتے ہیں تو رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں مونس الٰہی کی والدہ کے نام سے فری زچہ وبچہ ہسپتال بنایا جائے گا۔ جیسے سر سید احمد خان نے علی گڑھ کو علم کا مرکز بنایا تھا گجرات کو بھی بنائیں گے۔ آپ کی محبتوں کا قرض ہے اپنے بچوں کو بھی بتا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سود لینے اور دینے والے کا منہ کالا ہوتا ہے۔ میں نے اسمبلی میں سود کے نجی کاروبار کرنے والوں کے خلاف قانون بنایا ہے اور 5 سال قید کی سزا مقرر کی ہے۔ ان بنکوں کی حوصلہ افزائی کریں گے  جو سود کی بجائے شراکت داری پر کام کریں گے۔ پہلے میٹرک تک تعلیم مفت کی تھی اب بی اے تک کررہے ہیں۔ ورلڈ بینک نے بی اے تک تعلیم مفت کرنے کیلئے گرانٹ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 500 بیڈ تک لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق پہلی سے پانچویں تک ناظرہ اور پانچویں سے بارہویں تک قرآن مجید کے ترجمے کا امتحان پاس کرنا ہوگا۔ وزیرآباد سے سیالکوٹ تک بہترین سڑک بنائیں گے۔ اگلی برسی میں سب اکٹھے ملیں گے، اللہ تعالیٰ دلوں سے کدورتوں کو نکال کر محبت ڈال دے گا۔ لوگوں کی دعاؤں سے وزارت اعلی کا منصب اور عزت ملی۔ برسی کی تقریب میں چودھری وجاہت حسین، ایم این اے حسین الٰہی، موسی الٰہی، میاں عمران مسعود، ایم پی ایز شجاعت نواز، عبداللہ یوسف، باؤ رضوان اوردیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ گجرات کے معروف عالم دین ضیاء  الرحمان عطاری نے چودھری ظہور الٰہی شہید کے ایصال ثواب کیلئے دعا کرائی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سے جرمن کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے پنجاب میں ماحول دوست ویسٹ ٹو انرجی پاور پلانٹ پراجیکٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی  نے منصوبے کے امور جلد طے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گرین فیلڈ پاور پلانٹ سے پنجاب کو سستی بجلی ملے گی اور جرمن کمپنی کے ساتھ پراجیکٹ پر عملدرآمد کے لئے باقاعدہ ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ کے خدوخال کو جلد حتمی شکل دی جائے اور تمام متعلقہ محکمے ایم او یو کیلئے تیز رفتاری سے امور طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوگی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔کوڑا کرکٹ کو تلف کرنے کے مسئلے سے بھی نجات ملے گی۔ منصوبے کے پیپر ورک میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ وفد نے وزیراعلیٰ  پرویزالٰہی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کا پلانٹ لگانا چاہتے ہیں۔ منصوبے میں اربوں کی سرمایہ کاری کریں گے جس سے 5ہزار لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وفد میں جرمن کمپنی کے عہدیدارکرسٹن Mr.Carsten)) اور دیگر شامل تھے۔ علاہ ازیں  وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اخبار بینی کے دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اخبارات ہماری زندگی کا  اہم حصہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ اخبارات معلومات کا سب سے مستند ذریعہ ہیں۔  الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کی ترقی کے باوجود اخبارات اب بھی قارئین کیلئے معلومات کا ایک بہترین ذریعہ ہیں۔ اخبار بینی کی عادت ڈیجیٹل دنیا میں کم تو ہوئی ہے لیکن یہ کسی طور ختم نہیں ہو سکتی۔  ڈیجیٹل میڈیا پر غیر مستند اطلاعات، معلومات اور خبریں پھیلائی جاتی ہیں  جس سے معاشرے میں بے چینی اور انتشار جنم لیتا ہے۔ دوسری طرف اخبارات کو آج بھی ذمہ دارانہ، غیر جانبدارانہ اور مستند صحافت کی حیثیت حاصل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن