• news

شہریوں‘ شائقین کو ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا‘ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران روڈز کو کچھ لمحوں کےلئے بند کر کے کھول دیا جائیگا: سی ٹی او منتظر مہدی 


لاہور( سپورٹس رپورٹر+نامہ نگار)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے بقیہ تین میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔سات میچوں پر مشتمل سیریز کا پانچواں میچ28ستمبر کو شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔سٹیڈیم میں تزئین و آرائش کے کام کو مکمل کرلیا گیا ہے ۔ تمام انکلوژرز کی صفائی کر دی گئی ہے ۔ آٹھ ہزار سے زائد پولیس افسر اور اہلکار سکیورٹی کیلئے تعینات کئے گئے ہیں ۔سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ ٹریفک کے انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔ ٹیموں کی ائیر پورٹ سے ہوٹل تک جبکہ ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم تک موومنٹس کےلئے ٹریفک کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ شائقین کی گاڑیوں کو براستہ سینٹر پوائنٹ پارکنگ ایریا میں داخلہ کروایا جائےگا۔ مجموعی طور پراےک ہزار سے زائد ٹریفک اہلکار روٹ ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ شہریوں اور شائقین کو ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ۔ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران روڈز کو کچھ لمحوں کےلئے بند کیا جائےگا۔ موومنٹ گزرتے ہی تمام ڈائیورشن کو ٹریفک کےلئے کھول دیا جائےگا۔ سیریز کے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے حوالے سے لاہور پولیس کے تمام ونگز نے فل ڈریس ریہرسل کی۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کی قیادت میں کرکٹ ٹیموں کی آمد ، رہائش گاہ روانگی اور سٹیڈیم نقل و حرکت کے حوالے سے تمام تر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات چیک کئے گئے۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگرنے حج ٹرمینل اولڈ ائرپورٹ سے نجی ہوٹل ٹیموں کے روٹ کا جائزہ لیا۔ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور انہیںسکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ بارے ہدایات دی۔سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے قذافی سٹیڈیم کا بھی دورہ کیا‘ داخلی و خارجی راستوں اور گیٹس پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ سٹیڈیم کے مختلف سیکشن،پویلین اور مختلف انکلوژرز کا دورہ کرکے انتظامات چیک کئے۔انہوںنے کہا کہ لاہور پولیس انٹرنیشنل کرکٹ میچز کا پر امن ماحول میں انعقاد یقینی بنانے کےلئے پر عزم ہے ۔ لاہور پولےس نے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے حوالے سے حتمی شکل دےدی گئی ہے۔ لاہور پولیس شہر میں بین الاقوامی سپورٹس ایونٹس کا کامیاب انعقاد یقینی بنا رہی ہے۔

سی سی پی او نے ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ٹریفک کے مربوط اور متبادل انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن