• news

جمعیت علماء پاکستان کا ٹرانس جینڈر ایکٹ کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء پاکستان نے ٹرانس جینڈر ایکٹ کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس امر کا فیصلہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر صدر جمعیت علماء پاکستان کی زیر صدارت جمعیت علماء پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ و شوریٰ کے اجلاس میں کیا گیا۔ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتیں بیرونی ایجنڈے کی تکمیل اور پاکستان کے اسلامی تشخص کو مٹانے کیلئے نت نئے حربے اور بہانے تراش کر مغربی استعماری قوتوں کے آلہ کار کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ کر مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے۔ معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ سیلاب زدگان دربدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ حکمراں کشکول لئے دنیا بھر میں بھیک مانگ رہے ہیں اور قومی خزانہ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ محب وطن اسلام پسند قوتیں ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں۔ ملک بھر میں احتجاجی جلسے، جلوس، ریلیاں، سیمینارز اور کنونشنز کئے جائیں گے۔ رائے عامہ ہموارکرنے اور ہم خیال جماعتوں کو تحریک میں شامل کرنے کے لئے آل پارٹیزکانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، اسلامی تعلیمات کے منافی اور دستور پاکستان سے بغاوت کرتے ہوئے بنائے جانے والے کسی بھی قانون کو پاکستان کے غیور عوام قبول نہیں کریں گے۔ ہر فورم پر اسلام کی حرمت، عقیدہ ختم نبوت وناموس رسالت قوانین کا تحفظ کیا جائے گا۔ اجلاس میں جمعیت علمائے پاکستان کی مرکزی انتخابات دسمبر اور صوبائی انتخابات نومبر میں کرائے جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ امریکہ اسرائیل اور بھارت پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ جے یو پی کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر جاوید اعوان، سیکرٹری جنرل صاحبزادہ سید محمد صفدر شاہ گیلانی، سید عقیل انجم قادری، پیر سید عاشق حسین بخاری، رشید احمد رضوی، ڈاکٹر محمد یونس دانش، ملک ذاکر حسین، اظہر حسین فاروقی، محمد ایوب مغل، حافظ نصیر نورانی، میاں منیر احمد جامی، ڈاکٹر نور حکیم جیلانی، مولانا رستم نورانی، سید مومن شاہ جیلانی، پیر سعید احمد نقشبندی، حاجی محمد ظفر ساہی، رانا قاری نذیر احمد ظہوری، میاں عبدالسلام، تجمل بیگ، رائو عرفان علی، ماجد رضا، شیراز قادری، مولانا محمد دائود، ملک عمر شہزاد قاری محمد عامر، حاجی محمد ارشاد محمد اسلم لالنگاہ، افتخار احمد عباسی، جمیل احمد رضوری، میاں عبدالسلام، اسلام الدین، ارتضیٰ نورانی، ملک جاوید حسین، ملک شکیل قاسمی نے شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کیا۔
تحریک

ای پیپر-دی نیشن