• news

بادامی باغ میں بس نے موٹر سائیکل سوار 2 بھائیوں کو مار ڈالا

لاہور (نامہ نگار) بادامی باغ میں ٹریفک حادثے میں دو بھائی  جاں بحق ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بادامی باغ میں تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار دو بھائیوں عثمان سلیم اور نعمان سلیم کو کچل ڈالا۔ جس سے دونوں بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ہے۔ پولیس نے دونوں نعشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دیا ہے اور دونوں متوفی نوجوانوں کے والد محمد عثمان کی مدعیت میں بس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔  ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چشتیاں میں حادثات سے دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ریسیکو1122 ذرائع کے مطابق چک نمبر321ج ب کا رہائشی  خالد اپنی بیوی اور بیٹی کے ہمراہ موٹر سائیکل نمبر جے جی بی 9778 پر گوجرہ سے ٹوبہ ٹیک سنگھ آرہا تھا، کہ سامنے سے آنے والی  اے سی کوچ  نے ٹرک کو اوور ٹیک کرتے ہوئے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے باعث 50سالہ خالد اور اس کی نو سالہ بیٹی نور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ اس کی بیوی شدید زخمی ہے۔ چشتیاں کے قریب مہار شریف روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل کے تصادم کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار ماں بیٹا جاں بحق اور بیٹی شدید زخمی ہو گئی۔ سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے خاتون امام حسین اور اس کا 35 سالہ بیٹا احمد حسن موقع پر جاں بحق ہو گئے اور احمد حسن کی ہمشیرہ ساجدہ شدید زخمی ہے۔

بادامی باغ / حادثہ

ای پیپر-دی نیشن