ڈیفنس: لڑکی سے زیادتی کی کوشش، ہمسائے کو لوٹ لیا، دونوں پولیس اہلکار گرفتار
لاہور (نامہ نگار) ڈیفنس سی کے علاقے میں دو پولیس اہلکاروں نے ہمسائے نوجوان کے ساتھ موٹر سائیکل پرگھر جانے والے ملازمت پیشہ لڑکی کو روک کر جنسی زیادتی کی کوشش کی، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور پیسے چھین لئے۔ متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں پولیس اہلکاروں کے خلاف جنسی زیادتی کی کوشش اور ڈکیتی سمیت دیگرسنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار کے نوٹس لینے پر سی سی پی او لاہور نے دونوں اہلکاروں کو معطل کر کے گرفتار کرا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نادیہ منظور ڈیفنس کے ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور سے ڈیوٹی کے بعد اپنے ہمسائے آصف کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گھر جا رہی تھی کہ فیز 8 کے قریب سروس روڈ پر دو پولیس اہلکاروں نے انہیں روک لیا۔ پولیس اہلکار عرفان عارف اور عامر مقصود، نوجوان آصف کو مجبور کرتے رہے کہ وہ مانے کہ اس کے لڑکی کے ساتھ تعلقات ہیں اور پولیس اہلکار اسے دو گھنٹے کے لئے لڑکی حوالے کرنے کا بھی کہتے رہے۔ کانسٹیبل عرفان نے لڑکی کو ویرانے میں لے جا کر جنسی زیادتی کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر پولیس اہلکار انہیں تشدد کا نشانہ بناتے رہے، اہلکار عامر مقصود نے آصف کی جیب سے تین ہزار روپے بھی نکال لئے اور چھوڑنے کے لئے 10ہزار روپے رشوت کا تقاضا کرتے رہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے محکمانہ انکوائری اور قانونی ایکشن لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ لاہور سمیت تمام فیلڈ افسروں آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو تھانوں میں تعینات عملے کی نئے سرے سے جانچ پڑتال کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بری شہرت کے حامل سٹاف کو تھانوں اور فیلڈ ڈیوٹی سے فوری ہٹایا جائے۔
زیادتی