عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کی منزل بہت قریب ہے: صدیق مہر
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )نا اہل حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں اور قائد عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کی منزل بہت قریب ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سینئر رہنما و ٹکٹ ہولڈر پی ٹی آئی این اے 77 چوہدری محمد صدیق مہر، ایس اے حمید ایڈووکیٹ پی پی 64 ، رضوان اسلم بٹ پی پی 60 اور حسن بٹر پی پی 59 نے مرکزی سیکرٹریٹ این اے 77 سے بڑی سکرین پر قائد عمران خان کا براہ راست خطاب سننے کیلئے گوندانوالہ اڈہ کیلئے روانگی کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نام نہاد تجربہ کاروں نے معیشت کو تباہی سے دوچار کردیا۔ بجلی ، گیس ، پٹرول ، اشیائے خوردونوش سمیت تمام اشیا کی ہوشربا قیمتوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی اور تمام طبقات کیلئے جسم و روح کا رشتہ برقرار رکھنا دشوار ترین بن چکا ہے۔ قائد عمران خان ملکی تاریخ کے مقبول ترین لیڈر بن چکے ہیں اور انکی قیادت میں پوری قوم ، عوام دشمن حکومت کے خلاف پوری طرح متحد ہو کر کھڑی ہے۔ بہت جلد جعلی حکومت کا بوریا بستر گول ہوگا اور ایک بار پھر قائد عمران خان کی قیادت میں خوشحال و مستحکم پاکستان کے سفر کا آغاز ہوگا۔ اس موقع پر میجر (ر) نبیل انور چیمہ، ندیم انور چیمہ، میاں محمد ناصر، لقمان کھوکھر، چوہدری صداقت منڈ، اشفاق صابری، مہر عباس، چوہدری اشفاق گجر، گلفام چیمہ، منیر منہاس، ملک شکیل اعوان، مہر یوسف ، غلام محی الدین چیمہ و دیگر موجود تھے۔