چوکی پر فائرنگ ، 2 جوان شہید جوابی کارروائی میں دہشتگرد ہلاک
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کر کے 2 جوانوں کو شہید کر دیا، اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے ضلع اعظم ورسک میں ایک فوجی چوکی پر فائرنگ کی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی شروع کی۔ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ٹانک کے رہائشی نائیک رشید جن کی عمر 29 سال اور لوئر دیر کے رہائشی سپاہی رسول بادشاہ جن کی عمر 22 سال ہے نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے آپریشن جاری ہے۔ شہباز شریف نے دہشتگردوں کے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا نائیک رشید اور سپاہی رسول بادشاہ کو دفاع وطن کے لئے جام شہادت نوش کرنے پر قوم سلام پیش کرتی ہے۔ دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بہ شانہ ہے ۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔