عمران کی ملاقات ، آپ کے وژن کے مطابق نئے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں : پروز الٰہی
لاہور (نیوز رپورٹر) عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ 2گھنٹے طویل ملاقات میں سیاسی صورتحال، صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات، پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور عوام کے مسائل کے فوری حل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ہوا۔ پرویزالٰہی نے عوام کو ریلیف کی فراہمی، سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کیلئے قانون سازی کے بارے میں عمران خان کو آگاہ کیا۔ عمران نے تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات کی تعریف کی اور سیلاب زدگان کی بحالی و آبادکاری کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ عمران خان نے پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے مالی امداد کے پیکیج سے سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری جلد ممکن ہوگی۔ سابق حکومت نے ہمارے انقلابی فلاحی پروگرامز کو روک کر صوبے کے عوام سے زیادتی کی۔ بلاتاخیر فلاح عامہ کے پروگراموں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں سولر پینلز لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہسپتالوں کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹنس ایکٹ 2022ء کے بارے میں بریف کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے کڑی قانون سازی کی جارہی ہے۔ کالجوں اور یونیورسٹیوں وغیرہ میں منشیات فروشی پر سخت سزائیں تجویزکررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10،10 لاکھ روپے فی کس مالی امداد دی ہے۔ گھروں، فصلوں اور لائیوسٹاک کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کیلئے امدادی رقم میں اضافہ کیا ہے۔ آپ کے ویژن کے مطابق صوبے میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کررہے ہیں۔ ہمارے ہر اقدام کا محور عام آدمی کی فلاح و بہبود ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ پرویز الٰہی نے بلوچستان میں فلائنگ مشن کے دوران پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعہ پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید پائلٹ میجر محمد منیب افضل، پائلٹ میجر خرم شہزاد، نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی شعیب اور سپاہی محمد عمران کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی اپنے تعزیتی پیغام میں شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے احسن اقدام کرتے ہوئے ہیلتھ کارڈ پروگرام میں پیچیدہ لیور سرجری کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بچوں کے دل کی پیچیدہ سرجری بھی ہیلتھ کارڈ پروگرام میں شامل کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے علاج کرانے کیلئے مختص رقم میں اضافے کی اصولی منظوری دے دی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ بحریہ انٹرنیشنل ہاسپٹلز کے اشتراک سے مریضوں کو جگر، گردے اور لبلبہ کی سرجری کی سہولت دی جائے گی۔ جگر کی پیچیدہ سرجری کو ہیلتھ کارڈ میں شامل کئے جانے سے مریضوں کو بہت سہولت ملے گی۔ سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ نجی ہسپتالوں کے ماہرین بھی پیچیدہ سرجری میں معاونت کریں گے۔ نجی ہسپتالوں کی معاونت سے چھوٹے بچوں کی کارڈیک سرجری ہو گی۔ وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے بحریہ انٹرنیشنل ہاسپٹلز کی وائس پریزیڈنٹ ڈاکٹر شازیہ ملک نے ملاقات کی اور بحریہ انٹرنیشنل ہاسپٹلز کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔