• news

آرمی چیف سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات ، پاکستانی عوام کو مکمل حمایت کی پیشکش 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے پیر کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الوداعی ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کینیڈین ہائی کمشنر کی پاکستان میں خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ان کے تعاون کو سراہا۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے پاکستانی عوام کو اپنے ملک کی مکمل حمایت کی پیشکش کی۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو بھی سراہا۔ آرمی چیف نے کینیڈا کی سیلاب زدگان کے لئے مدد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمارے عالمی شراکت داروں کی مدد سیلاب متاثرین کی بحالی میں اہم ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن