• news

قاہرہ میں ممتاز عالم دین علامہ یوسف القرضاوی انتقال کر گئے 

لاہور/ اسلام آباد/قاہرہ (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار+نیٹ نیوز) معروف مذہبی مبلغ اور ممتاز عالم دین علامہ یوسف القرضاوی علالت کے بعد 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق معروف عالم دین اور اخوان المسلمین سے وابستہ علامہ یوسف القرضاوی انتقال کر گئے۔ انہیں گزشتہ برس کرونا ہوا تھا اور وہ صحت یاب ہوگئے تھے تاہم چند ماہ سے کافی علیل تھے۔ یوسف القرضاوی 1926ء کو پیدا ہوئے اور مصر میں اپنی تعلیم مکمل کی۔ اخوان المسلمین سے وابستہ ہوئے اور عملی جدوجہد میں حصہ لیا جس کی پاداش میں 1950ء کو جمال عبدالناصر کے دور میں گرفتار بھی ہوئے۔ علامہ یوسف القرضاری کو زکوٰۃ اسلامی قوانین کی تشریح اور اسلامی نظام کے نفاذ پر کتابوں سے عالمی شہرت حاصل کی۔   جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عالم اسلام کے ممتاز مصنف اور فقیہ ڈاکٹر یوسف القرضاوی کی وفات پر اظہار افسوس کیا۔ اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ڈاکٹر یوسف القرضاوی بڑے پایہ کے مصنف، بلند پایہ فقیہ، جدید و قدیم علوم کے ماہر، ادیب اور شاعر تھے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے علامہ یوسف القرضاوی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلندی درجات کیلئے دعا کی ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے علامہ القرضاوی کی وفات کو عالم اسلام کیلئے بڑا سانحہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی امت کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اجلاس کے آخر میٰں مرحوم علامہ یوسف القرضاوی کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن