ٹیکسیشن نظام میں اصلاحات ،لیکج کو روکنا ہوگا: حبیب الرحمان زبیری
لاہور( کامرس رپورٹر ) ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمان زبیری نے کہا ہے کہ کوئی بھی وزیر خزانہ آئے جب تک ٹیکسیشن نظام میں اصلاحات اور لیکج کو نہیں روکا جاتامعیشت کو درست سمت نہیں مل سکتی۔ بد قسمتی سے جو حکومت آتی ہے وہ معیشت کو تجربہ گاہ میں لے جاتی ہے اور پھر رہی سہی کسر بھی نکال دی جاتی ہے۔ تجویز ہے کہ معیشت کی ترقی کیلئے اتفاق رائے سے قومی پالیسی مرتب کی جائے۔ کم از کم معیشت کیلئے ایڈ ہاک ازم کی بجائے طویل المدت پالیسی ناگزیر ہے ۔ ٹیکس اکٹھا کرنے کیلئے اس کا دائرہ وسیع کیا جائے ، روایتی شعبوں کی بجائے نئے شعبے تلاش کئے جائیں۔ حکومت سیاحت کی ترقی اور فروغ کیلئے قومی پالیسی کا اعلان کرے جس سے ہوٹلنگ ، گھریلو دستکاری اورٹرانسپورٹ سمیت دیگر درجنوں شعبے عروج حاصل کریں گے۔ حبیب الرحمان زبیری نے کہا کہ حکومت اور بیورو کریسی معاشی چیلنجز کے حوالے سے مشاورت کے عمل کو وسیع کریں ، کارپورٹ سیکٹر، نجی شعبے میں کام کرنے والے ماہرین اور ٹیکس بارز کے عہدیداروں کو مدعو کر کے ملک کے وسیع تر مفاد میں ان سے تجاویز لی جائیں۔