پنجاب حکومت کاروبار کے فروغ کیلئے پرعزم ہے: چوہدری علی افضل ساہی
فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات چوہدری علی افضل ساہی نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈی سی آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرکے فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی(فیڈمک)کی پراگریس پر بریفنگ لی۔سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب احمد جاوید قاضی اور ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے فیڈمک کے انتظامی امور سے آگاہ کیا۔ڈی جی پی بی آئی ٹی ڈاکٹر سہیل سلیم،کمپنی سیکرٹری عمران صدیق،ڈپٹی جی ایم ایڈمن زبیر اظہراور دیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو بہترین ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے اور فیڈمک میں انڈسٹری لگانے والے مقامی اور غیر ملکی صنعتکاروں کو بھی سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں سے فہرست ہے۔انہوں نے ویلیو ایڈیشن سٹی، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹیٹ اور ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں ہونے والی انویسمنٹ اور پلاٹس پر لگنے والی انڈسٹریز کی تفصیلات حاصل کیں اور کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں ماسٹر پلاننگ کرکے گرین ایریا مختص کریں جہاں میاواکی فاریسٹیشن کو فروغ دیا جائے تاکہ ماحول تروتازہ رہے۔مسجد و ہسپتال کی تعمیر سے متعلقہ امور کو آگے بڑھایا جائے گا۔سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز کے امور پر گہری توجہ مرکوز ہے۔ بعض درپیش مسائل کو ٹیک اوور کیا گیا ہے جن کے قابل عمل حل کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے فیڈمک میں اراضی سے متعلقہ امور پر بریفنگ دی اور بتایا کہ مسائل کو سمجھ کر ان کے حل کیلئے تیز رفتاراقدامات کئے جارہے ہیں۔