• news

پاکستان کے کچھ اضلاع میں سیلاب میں اضافہ ہورہا ہے: اقوام متحدہ


نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کے سیٹلائٹ سینٹر کی جائزہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سیلاب کے بعد سندھ کے 8 اضلاع ، بلوچستان کے 2 اضلاع اور پنجاب کے ایک ضلع میں سیلاب کے پانی میں اضافہ ہورہا ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امداد(او سی ایچ اے)کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں 8 سے 14 ستمبر کے سیٹلائٹ ڈیٹا کا 15سے 21 ستمبر کے ڈیٹا سے موازنہ کیا گیا ہے۔تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سندھ کے اضلاع جامشورو، ٹھٹھہ، ٹنڈو الہ یار، میرپورخاص، عمر کوٹ، تھرپارکر سجاول اور کراچی کے ضلع ملیر جبکہ بلوچستان کے گوادر اور لسبیلہ اور پنجاب کے ایک ضلع میں ایک ہفتے پہلے کے مقابلے رواں ہفتے پانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔تاہم ملک کے دیگر حصوں میں سیلاب کے پانی میں کمی آئی ہے۔دریں اثنا، او سی ایچ اے کے مطابق سیلابی پانی کے کھڑے ہونے کے وجہ سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور بڑھتی ہوئی غذائی قلت میں اضافہ ہوا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ موسم سرما میں متاثرہ آبادی اور بے گھرافراد کو مدد کی شدید ضرورت ہے۔دوسری جانب سیلاب زدگان میں اسہال، ٹائیفائیڈ اور ملیریا جیسی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے، کئی لوگ عارضی پناہ گاہوں میں نامناسب غیرصحت بخش حالات میں رہنے پر مجبور ہیں، بلوچستان اور سندھ کے کچھ حصوں سے ویکٹر اور پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے پھیلنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
اقوام متحدہ

ای پیپر-دی نیشن