• news

اوپن مارکیٹ : ڈالر دوسرے روز بھی 3.50 ، سونا 1450 روپے تولہ سستا ، سٹاک مارکیٹ مثبت 

 کراچی (نوائے وقت رپورٹ)  وزیراعظم کے دورہ امریکا کے مثبت نتائج اور اسحاق ڈار کی وزیر خزانہ کی حیثیت سے تقرری کی خبر نے ڈالر کی اڑان کو بریک لگا دیے۔ ڈالر کی قدر میں تنزلی کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈالر کے انٹربینک ریٹ 234 روپے سے نیچے آگئے۔ قدر 3.11 روپے کی کمی سے 233.90 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح  اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 3.50 روپے کی کمی سے 234 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں ڈالر کے طلب گاروں کی ڈیمانڈ بھی رک گئی ہے۔ جبکہ بینکوں کی سخت مانیٹرنگ اور غیرقانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن بھی روپیہ کے استحکام کا باعث بن رہا ہے۔ سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 1450 روپے کمی ہوئی ہے جس کے بعد ایک تولہ سونا ایک لاکھ 41 ہزار 850 روپے کا ہوگیا ہے۔ 10 گرام سونا 1243 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 21 ہزار 614 روپے کا ہوگیا ہے۔ جبکہ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قدر 3 ڈالر کم ہو کر 1637 ڈالرفی اونس ہوگئی ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آج مثبت دن رہا۔ کاروباری دن میں ہنڈرڈ انڈیکس 438 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ تاہم اختتام پر 100 انڈیکس 366 پوائنٹس اضافے سے 41518 پر بند ہوا۔ حصص بازار میں 23 کروڑ شیئرز کے سودے 9.62ارب روپے میں طے ہوئے اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن 62 ارب روپے بڑھ کر 6824 ارب روپے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن